خبریں

آسام: ہاسپٹل میں 6 دن میں 16 نوزائیدہ بچوں کی موت، ریاستی حکومت نے دیے جانچ کے حکم

جے ایم سی ایچ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سوربھ بور کاکوٹی نے دعویٰ کیا ہےکہ بچوں کی موت علاج یا اسپتال کی لاپرواہی سے نہیں ہوئی ہے۔

Credit: jorhatmedicalcollege.in

Credit: jorhatmedicalcollege.in

نئی دہلی: آسام کے جورہاٹ میڈیکل کالج اور ہاسپٹل (جے ایم سی ایچ )میں 1 سے 6 نومبر کے بیچ 16 نوزائیدہ بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ یہ خبر سامنے آنے کے بعد معاملے کی جانچ کے لیے ریاستی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے ایک ٹیم بنائی ہے۔خبر رساں ایجنسی  پی ٹی آئی کے مطابق ،جےایم سی ایچ نے بھی نوزائیدہ بچوں کی موت کی جانچ کے لیے 6 ممبروں کی ٹیم بنائی ہے۔ جے ایم سی ایچ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سوربھ بور کاکوٹی نے دعویٰ کیا کہ بچوں کی موت علاج یا اسپتال کی لاپرواہی سے نہیں ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا،’ کبھی کبھی اسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہو جاتی ہے اس لیے ممکن ہے کہ مرنے والے نوزائیدہ بچوں کی تعداد بھی زیادہ ہو گئی ہو۔ یہ اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ مریض کو کس حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ ہو سکتا ہے کہ لمبے وقت درد ہوتے رہنے کے بعد حاملہ عورت کو یہاں لایا گیا ہو یا بچےکا وزن کم رہا ہو۔ ان حالات میں بھی نوزائیدہ بچوں کی موت ہو جاتی ہے۔’

وہیں اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی موت پر ریاست کے وزیر صحت ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ حکومت نے  جورہاٹ میں ایک ٹیم بھیجی ہے ۔ اس ٹیم میں UNICEFکے ممبر بھی شامل ہیں جو اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کریں گے اور رپورٹ دیں گے۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)