خبریں

تمل ناڈو: سمندری طوفان گج کی وجہ سے 80 ہزار لوگوں کو ریلیف کیمپ پہنچایا گیا، 11 لوگوں کی موت

متاثرہ علاقوں سے اب تک قریب 80 ہزار سے زیادہ لوگوں کو نکالا گیا ہے ۔ ان کو ناگ پٹینم ، پدو کوٹئی ، رامناتھ پورم اور تروورور سمیت 6 اضلاع میں بنائے گئے 300 سے زیادہ ریلیف کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے۔

فوٹو : اے این آئی

فوٹو : اے این آئی

نئی دہلی : سمندری طوفان گج جمعرات کی رات 12.30 سے 2.30 کے درمیان تمل ناڈو کے سرحدی  علاقوں کو چھوتے ہوئے آگے نکل گیا ۔ تمل ناڈو اسٹیٹ  Disaster Management Authorityنے جمعہ کی صبح 5.30 بجے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ طوفان تنجاور ضلع کے اتھیرمپٹینم سے 15 کیلو میٹر دو ر شمال مغرب میں ہے ۔ محکمہ نے امید جتائی ہے کہ سمندری طوفان اگلے کچھ گھنٹوں میں کمزور ہوسکتا ہے۔

غور طلب ہے کہ طوفان کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں 100سے 120 کیلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں ۔ تیز بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ناگ پٹینم ، ترورور اور تنجاور میں لینڈ سلائیڈ بھی ہوا ۔ کئی پیڑوں نے زمین چھوڑ دیے ۔ سرحدی علاقوں اور ناگ پٹینم کے کئی علاقوں میں بجلی خدمات بند ہو گئی ہے۔متاثرہ علاقوں سے اب تک قریب 76200 سے زیادہ لوگوں کو نکالا گیا ہے ۔ ان کو ناگ پٹینم ، پدو کوٹئی ، رامناتھ پورم اور تروورور سمیت 6 اضلاع میں بنائے گئے 300 سے زیادہ ریلیف کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے۔

ناگ پٹینم ؛ کوڈالور اور یونین ٹیریٹری پڈو چیری کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ این ڈی آر ایف کی 4 ٹیمیں ناگ پٹینم میں تعینات ہیں ۔ جبکہ ایس ڈی آر ایف کی 2 ٹیمیں کوڈالور ضلع میں ہیں ۔ ریلیف کیمپ میں راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیےانڈین نیوی اپنے وسائل کے ساتھ موجود ہیں ۔

ریونیو منسٹر آر بی ادئے کمار نے بتایا کہ حکومت نے اس سمندری طوفان سے  نپٹنے میں  کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا یہ ایک مشکل کام تھا،لیکن ہمیں یقین تھا کہ ہم اس سے سو فیصدی کامیابی کے ساتھ نپٹ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان کے بعد کے حالات جیسے متاثرہ علاقوں کی صفائی کاکا م بھی شروع کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھروں اور دوسرے نقصانات کی خبریں ملی ہیں اور ہم اس کا تجزیہ کریں گے ۔انہوں نے یہ جانکاری بھی دی کہ حکومت نے ہیلپ لائن نمبر 1070(ریاستی سطح)اور 1077(ضلعی سطح ) جاری کیا ہے۔

دریں اثناوزیر اعلیٰ کے پلانی سوامی نے جمعہ کو کہا کہ تمل ناڈوسرحدی علاقے کو پار کرچکا ہے اور اس نے 11لوگوں کی جان لے لی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی پیمانے پر راحت کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جانکاری ملی ہے ابھی تک 11لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مرنے والوں کی فیملی کو ریاستی خزانے سے 10-10لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ شدید طور پر زخمی ہیں ان کو ایک ایک لاکھ اور جو معمولی طور پر گھائل ہوئے ہیں ان کو 25-25 ہزار کی مالی مدد دی جائے گی ۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)