خبریں

سہراب الدین کے بھائی نے کہا، پر جا پتی نے مجھے اس کے فرضی انکاؤنٹر کے بارے میں بتایا تھا

سہراب الدین شیخ کے بھائی رباب الدین نے عدالت کو بتایا کہ تلسی رام پرجاپتی نے اس کو بتایا تھا کہ اس کے بھائی کو فرضی انکاؤنٹر میں مارا گیاہے ۔ سہراب الدین کے ساتھی پر جاپتی کی بھی 2006میں ایک مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں موت ہوئی تھی ۔

سہراب الدین شیخ اور کوثر بی

سہراب الدین شیخ اور کوثر بی

نئی دہلی :سہراب الدین شیخ کے بھائی رباب  الدین نے سنیچر کو کہا کہ تلسی رام پرجاپتی نے اس کو گجرات پولیس کے ذریعے  مبینہ اغوا اور بعد میں نومبر 2005میں فرضی انکاؤنٹر میں اس کی موت کے بارے میں بتایا تھا۔سہراب الدین کے بھائی رباب الدین شیخ نے ممبئی میں سی بی آئی کی اسپیشل عدالت میں یہ بیان دیا ۔ سہراب الدین کے ساتھی پرجاپتی کی بھی 2006میں ایک مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں موت ہوئی تھی۔

رباب الدین سی بی آئی کو دیے اپنے اس بیان پر قائم رہا کہ اس کا بھائی سہراب الدین فرضی انکاؤنٹر میں مارا گیا تھا۔ وہیں یہ بھی الزام ہے کہ سہراب الدین کی بیوی کوثر بی کے ساتھ ریپ کے بعد پولیس نے اس کو  مار دیا تھا۔رباب الدین نے عدالت کو بتایا کہ ،سہراب الدین کے ساتھ تلسی پرجا پتی نے مجھے بتایا تھا کہ جب میرا بھائی مارا گیا تو وہ موجود تھا ۔ جب میں نے اس سے پوچھا کہ اس کو کیوں نہیں مارا گیا تو اس نے بتایا کہ وہ ہندو ہے ، اس کو سہراب الدین کے ساتھ دہشت گرد نہیں بتایا جا سکتا تھا ،جو مسلمان تھا۔

رباب الدین نے کہا کہ ایک رشتے دار نے 26 نومبر 2005 کو اس کو بتایا کہ سہراب الدین مارا گیا ہے اور اہل خانہ کو احمد آباد سول ہاسپٹل میں اس کی لاش کی پہچان کر نی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم احمد آباد گئے ۔ ہم نے اے ٹی ایس کے دفتر میں جاکر ایک افسر سے پوچھا کہ میرا بھائی کیوں مارا گیا ہے اور کوثر بی کہاں ہے تو کوئی جواب نہیں ملا ۔رباب الدین کے مطابق اس نے گجرات پولیس کو بھی خط لکھا تھا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں گجرات اور راجستھان پولیس کے افسروں پر کارروائی کی مانگ والی عرضی داخل کرنے اور کوثر بی کا پتہ پوسھنے کے عرضی داخل کرنے کے بعد جواب میں گجرات حکومت نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ وہ بھی ماری گئی ۔

اس معاملے میں الزام ہے کہ نومبر 2005 میں گجرات اے ٹی ایس نے سہراب الدین شیخ اور اس کی بیوی کوثر بی کو حیدر آباد سے اس وقت گرفتارکیا تھا جب وہ سانگلی جا رہے تھے۔  سہراب الدین کے ساتھ اس کا معاون تلسی پرجاپتی بھی تھا۔الزام کے مطابق، سہراب الدین کو گاندھی نگر کے نزدیک مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں مارا گیا تھا۔  اس کے بعد اس کی بیوی لاپتہ ہو گئی تھی اور ایسا مانا گیا کہ اس کو بھی مار دیا گیا ہے۔الزام تھا کہ گینگسٹر کے معاون اور انکاؤنٹر کے چشم دید تلسی پرجاپتی کو پولیس نے دسمبر 2006 میں گجرات کے بناسکانٹھا ضلع‎ میں چپری گاؤں کے پاس مار دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ  عدالت نے 2013 میں پرجاپتی کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر معاملے کو سہراب الدین کے معاملے کے ساتھ جوڑ دیا تھا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ )