خبریں

بینک اکاؤنٹ آدھار سے نہ جوڑنے پر تنخواہ نہیں روکی جاسکتی: بامبے ہائی کورٹ

بامبے ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ وہ ایسا رخ کیسے اپنا سکتی ہے کہ اپنے ملازموں کو تنخواہ نہیں دے گی کیوں کہ ان کا آدھار کارڈ ان کے بینک اکاؤنٹ سے نہیں جڑا ہے۔

بامبے ہائی کورٹ (فوٹو : پی ٹی آئی)

بامبے ہائی کورٹ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی : جولائی 2016 سے ممبئی پورٹ ٹرسٹ کے ایک ملازم کا تنخواہ اس بنیاد پر روکنے کے  مرکزی حکومت کے فیصلے پر بامبے ہائی کورٹ نے سوال اٹھایا ہے کہ  اس نے اپنا بینک اکاؤنٹ آدھار سے نہیں جوڑا ہے۔جسٹس اے ایس اوکا اور جسٹس ایس کے شندے کی ایک بنچ ممبئی پورٹ ٹرسٹ کے ملازم رمیش پرالے کی جانب سے دائر ایک عرضی پر شنوائی کر رہی تھی ۔ پرالے ممبئی ٹرسٹ میں ایک چارج مین کے طور پر کام کررہے ہیں ۔

بنچ نے کہا کہ ملازم کی تنخواہ اس بنیاد پر نہیں روکی جاسکتی کہ اس نے اپنا بینک اکاؤنٹ آدھار سے نہیں جوڑا ہے۔ پرالے نے منسٹری آف شپنگ کی جانب سے 2015 میں جاری اس خط کو چیلنج کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے اس بینک اکاؤنٹ کو آدھار سے جوڑ ےجس میں اس کی تنخواہ ڈالی جاتی ہے۔انہوں نے بلکہ ایسا کرنے سے انکار کرتے ہوئے پرائیویسی کے بنیادی حقوق کا ذکر کیا ۔ جولائی 2016 سے ان کو تنخواہ ملنی بند ہوگئی ہے جس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ۔

اس مہینے کے شروع میں پرالے نے ایک عرضی دائر کی جس میں انھوں آدھار کارڈ کے مدعے پر 26 ستمبر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا ذکر کیا۔عدالت نے سوموار کو مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ وہ ایسا رخ کیسے اپنا سکتی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو تنخواہ نہیں دے گی کیوںکہ ان کا آدھار کارڈ ان کے سیلری اکاؤنٹ سے نہیں جڑا ہے۔

بنچ نے حکومت کو عرضی گزاروں کو بقائے کی ادائیگی کرنے کی ہدایت دی اور معاملے کی آخری شنوائی 8 جنوری کو طے کی۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے ستمبر میں دیے اپنے آرڈر میں یہ صاف کہا تھا کہ بینک اکاؤنٹ کھولنے یا سم کارڈ لینے کے لیے آدھار کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آدھار پر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس اے کے سیکری ، چیف جسٹس دیپک مشرااور جسٹس اے ایم کھانولکر کی طرف سے لکھے گئے فیصلے میں کورٹ نے کہا تھا کہ موبائل اور بینک اکاؤنٹ آدھار سے لنک کرنا غیر آئینی ہے، اس لیے اس کو ہٹایا جاتا ہے۔

اس فیصلے کے مطابق؛ آدھار کارڈ /نمبر کو بینک اکاؤنٹ سے لنک/جوڑنا ضروری نہیں ہے۔ اسی طرح ٹیلی کام سروس پرووائیڈرصارفین کو اپنے فون سے آدھار نمبر کو لنک کرانے کے لیے نہیں کہہ سکتے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)