خبریں

رافیل کوریج کی وجہ سے انل امبانی نے دی وائر پر کیا 6 ہزار کروڑ کا ہتک عزت کا مقدمہ

دی وائر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ گجرات میں احمد آباد کے سول کورٹ میں دائر کیا گیا ہے۔ پہلی شنوائی 27 نومبر کو ہوگی۔

انل امبانی/ فوٹو: رائٹرس

انل امبانی/ فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: انل امبانی کی کمپنی ریلائنس انفراسٹرکچر نے رافیل ڈیل پر ایک ویڈیو شو کی وجہ سے دی وائر پر 6000 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ یہ مقدمہ گجرات میں احمد آباد کے سول کورٹ میں دائر کیا گیا ہے۔دراصل 23 اگست 2018 کو ‘رافیل ڈیل انڈر اسٹینڈنگ دی کنٹروورسی’نام سے ایک ویڈیو شو دی وائر کی طرف سے نشر کیا گیا تھا۔ اس مدعے پر بات چیت میں سینئر ڈیفنس جرنلسٹ اجئے شکلا اور دی وائر کے بانی مدیر ایم کے وینو شامل تھے۔ اور نیشنل سکیورٹی انالسٹ ہیپی مون جیکب اس شو کی اینکرنگ کر رہے تھے۔

اس شو کی وجہ سے انل امبانی نے دی وائر کے بانی مدیران (سدھارتھ وردراجن، ایم کے وینو اور سدھارتھ بھاٹیا) اجئے شکلا اور دی وائر کے آفس مینجر کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔ حالانکہ آفس مینجر کا ایڈیٹوریل یا اقتصادی معاملوں میں فیصلے لینے کا کوئی رول نہیں ہوتا ہے، پھر بھی ان کے خلاف کیس کیا گیا ہے۔ رافیل تنازعہ پر کیے گئے شو کی بنیاد  اس مدعے پر تھی کہ مودی حکومت کے ذریعے 36 رافیل خریدنے کا فیصلہ شفاف ہے یا نہیں۔منطق اور حقائق کی بنیاد پر ڈیبٹ کی گئی تھی۔ اس ویڈیو کا لنک نیچے دیا جا رہا ہے۔

رافیل ڈیل پر یہ نارمل بات چیت تھی جس میں سبھی ممکن حقائق اور منطق کو شامل کیا گیا ہے۔ اس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیسے آخری وقت میں مودی حکومت کے ذریعے رافیل ڈیل میں تبدیلی کی گئی اور انل امبانی کی کمپنی کو یہ کانٹریکٹ دیا گیا۔ اس میں یہ بھی سوال ٹھایا گیا ہے کہ کیا ریلائنس انفراسٹرکچر کا ٹریک ریکارڈ چیک کیا گیا تھا، جب فرانس کی داسو کمپنی نے اس کو اپنا آفسیٹ پارٹنر چنا تھا۔

ریلائنس گروپ اور انل امبانی کو لگتا ہے کہ یہ پروگرام پوری طرح سے جھوٹا ہے اور بات چیت کے دوران کہی گئی باتیں پوری طرح سے غلط اور گمراہ کن ہیں۔ امبانی کا الزام ہے کہ یہ باتیں کمپنی اور اس کے چیئر مین کے وقار کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے کی گئی ہیں۔کمپنی نے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کے لیے احمد آباد کی کورٹ کو منتخب کیا ہے کیوں کہ یہاں پر ہتک عزت کے مقدمے کے لیےزیادہ فیس 75000 روپے ہیں۔حالانکہ دوسری جگہوں پر یہ سہولت نہیں ہے۔

دوسری جگہوں کی عدالتوں میں مقدمہ دائر کرنے کی فیس ہتک عزت رقم کی بنیاد پر بڑھتی ہے، یعنی کہ جتنی زیادہ کی ہتک عزت دائر کی جائے گی اتنی زیادہ مقدمے کی فیس ہوتی ہے۔ اس معاملے کی پہلی شنوائی 27 نومبر کو ہوگی۔غور طلب ہے کہ اسکرول کی ایک رپورٹ کے مطابق؛ امبانی کی ملکیت والی کمپنیوں نے احمد آباد کورٹ میں جنوری 2018 سے اب تک 28 ہتک عزت کے مقدمے دائر کیے ہیں۔ جس میں 20 مقدمے میڈیا ہاؤس اور صحافیوں کے خلاف ہیں۔