خبریں

مشہور گلوکار محمد عزیز کا انتقال

محمد عزیز نے کولکاتہ کے غالب ریستوراں میں ایک گلوکار کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیااور 80اور 90کی دہائی میں سنیما کی دنیا میں راج کیا ۔

معروف گلوکار محمد عزیز، فوٹو: ٹوئٹر

معروف گلوکار محمد عزیز، فوٹو: ٹوئٹر

نئی  دہلی : ہندی سنیما کے مشہور گلوکار محمد عزیز کا 64 سال کی عمر میں منگل  کی شام ممبئی کے نانا وتی اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سےانتقال ہو گیا۔انہوں نے بالی ووڈ کے علاوہ بنگالی اور اڑیہ فلم انڈسٹری میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔ ان کو لوگ پیار سے منا بھی کہہ کر بلاتے تھے۔ حالانکہ ان کا اصلی نام سعید عزیز النبی ہے۔ وہ مغربی بنگال کے اشوک نگر میں پیدا ہوئے تھے۔ محمد رفیع کی آواز کے فین ہونے کی وجہ سے محمد عزیز کو بچپن سے ہی گانے کا شوق تھا۔ عزیز نے بنگالی فلم ‘جیوتی’ سے گانے کی شروعات کی۔

وہ سال 1984 میں ممبئی آئے۔ ان کی پہلی ہندی فلم ‘امبر’ تھی جو 1984 میں ریلیز ہوئی تھی۔محمد عزیز نے کولکاتہ کے غالب ریستوراں میں ایک گلوکار کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیاتھا ۔ ان کو پہلی بار بالی ووڈ موسیقار انو ملک نے فلم مرد کے لیے مرد تانگے والا گانے کے لیے موقع دیا تھا۔ اس وقت یہ نغمہ سن کر کئی لوگوں کو یہ لگاتھا کہ اس کو شبیر کمار نے گایا ہے ۔ یہ نغمہ اپنے وقت میں بہت مشہو رہوا تھا۔ اپنے اسی گانے کے بعد محمد عزیز کی شہرت کو پر لگ گئے تھے ۔

انہوں نے میوزک ڈائریکٹر کلیان جی –آنند جی ،لکشمی کانت پیار ے لال ، راہل دیو برمن ، نوشاد ، اوپی نیر ،بپی لاہڑی ،راجیش روشن ، رام لکشمن ،رویندر جین ، اوشا کھنہ ، آنند ملند ، ندیم شرون ،جتن للت ،انو ملک ۔دامودر راؤ ،آنند راج آنند او رآدیش شری واستو کے کئی گانے گائے ۔محمد عزیز نے لال دوپٹہ ململ کا ، مئے سے مینا سے نہ ساقی سے جیسے کئی مشہور گانے ہندوستانی سنیما کو دیے ۔ انہوں نے 80اور 90کی دہائی میں سنیما کی دنیا میں راج کیا ،اس کے علاوہ کئی زبانوں میں گانے گائے ۔

ان کے انتقال پر کئی معروف فلمی ہستیوں نے اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔