خبریں

مولانا اسرار الحق قاسمی کے انتقال پر صدر جمہوریہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا اظہار تعزیت

مولانا اسرار الحق قاسمی نے کشن گنج سے5 بار کی ناکامیابی کے بعد کانگریس کے امیدوار کے طورپر2009 میں پہلی بارعام انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔

فوٹو : سوشل میڈیا

فوٹو : سوشل میڈیا

نئی دہلی : صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے کشن گنج سے رکن پارلیامنٹ،کانگریسی رہنما اور معروف اسلامی اسکالرمولانا اسرارالحق قاسمی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ اور حلقے کی عوام کو تعزیتی پیغام دیا ہے ۔ مولانا اسرارالحق قاسمی کا آج صبح ساڑھے تین بجے 76 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔وہ 1942 میں پیدا ہوئے تھے۔پسماندگان میں دو بیٹے اورتین  بیٹیاں ہیں۔

قاسمی نے کشن گنج سےکانگریس کے امیدوار کے طورپر 5 بار کی ناکامیابی کے بعد2009 میں پہلی بارعام انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔2014 کے عام انتخاب میں انہوں نے بی جے پی کے امیدوار دلیپ کمار جیسوال کو 1لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اظہار تعزیت میں کہا کہ ، قاسمی اپنی صاف ستھری سیاست ،ایمانداری اور سادگی کے لیے جانے جاتے تھے۔وہ اپنے سماجی کاموں کی وجہ سے اپنے حلقہ میں بہت مقبول تھے۔انہوں نےکشن گنج میں  علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شاخ قائم کروانے میں بھی اہم رول کیا تھا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان کی آخری رسومات کی ادائیگی سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کرنے کا بھی اعلان کیا۔

راشٹریہ جنتادل سپریمو لالو پرساد نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ان  کے انتقال سے بہار نے ایک لائق اور اہل رہنما کو کھو دیا۔قاسمی کے انتقال پر آرجے ڈی لیڈر اور بہا رکے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی اظہار تعیزت کیا ہے ۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے اپنے تعزیتی پیغام میں ان کو ایک بڑے کانگریسی رہنما کے طور پر یاد کیا ۔ انہوں نے قاسمی کے اہل خانہ اور حلقے کی عوام کے لیے دعائیں کی ہیں ۔

کانگریس صدرراہل گاندھی نے بھی ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیاہے ۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ،کشن گنج سے کانگریس پارٹی کے مقبول رکن پارلیامنٹ اسرارالحق قاسمی صاحب کے انتقال کی خبر سے ان کو صدمہ پہنچا ہے ۔

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین  کے صدر اور حیدرآباد سے ممبر آف پارلیامنٹ اسد الدین اویسی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مولانا اسرارالحق قاسمی دارالعلوم دیوبند کے معروف اسکالر تھے ۔ وہ 2 بار کشن گنج سے رکن پارلیامنٹ منتخب ہوئے ۔

بی جے پی لیڈر اور کشن گنج کے سابق رکن پارلیامنٹ شہنواز حسین نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ، مولانا اسرارالحق قاسمی صاحب کے انتقال کی خبر سے ان کو گہر ا دکھ پہنچا ہے ۔ وہ بہت ہی نیک دل اور شریف انسان تھے ۔دریں اثنا پٹنہ میں بہا رکانگریس کمیٹی کے صدردفتر صداقت آشرم میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بہار کانگریس سے اہم رہنماؤں نے شرکت کی ۔