خبریں

سول سروس میں جنرل کٹیگری کے امیدوار کی عمر کی میعاد زیادہ سے زیادہ 27 سال کی جانی چاہیے: نیتی آیوگ

اس وقت سول سروس کے لیے جنرل کٹیگری کے امیدوار کی عمر کی میعاد زیادہ سے زیادہ 30 سال ہے۔ نیتی آیوگ نے سبھی سول سروس کے لیے صرف ایک اگزام کرانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: مرکزی حکومت کے تھنک ٹینک نیتی آیوگ نے سول سروس کے امیدواروں کے لیے عمر کی میعاد کم کرنے کی سفارش کی ہے۔ آیوگ نے کہا ہے کہ سول سروس میں جنرل کٹیگری کے امیدوار کے لیے عمر کی میعاد 30 سے کم کر کے 27 کر دی جانی چاہیے۔ٹائمس آف انڈیا کی خبر کے مطابق؛آیوگ کا کہنا ہے کہ عمر کی میعاد  کم کرنے کا پروسیس 23-2022 تک پورا ہو جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ آیوگ نے سبھی سول سروس کے لیے ایک ہی اگزام رکھنے کی سفارش کی ہے۔

آیوگ نے سبھی سروسیز میں میں انتخاب کے لیے سینٹرل ٹیلنٹ پول بنائے جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس میں امیدواروں کی تقرری  ان کی اہلیت کے مطابق مختلف سروس میں کی جائے گی۔ نیتی آیوگ کی رپورٹ ‘Strategy for New India @75’میں مشورہ دیا گیا ہے کہ سول سروس میں برابری لانے کے لیے ان کی تعداد میں بھی کمی کی جائے۔غور طلب ہے کہ اس وقت مرکز اور ریاستی سطح پر 60 سے زیادہ الگ الگ طرح کی سول سروسیز ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں سول سروس میں منتخب کیے جانے والے امیدوار کی اوسط عمر ساڑھے 25 سال ہے اور ہندوستان کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی کی عمر اس وقت 35 سال سے کم ہے، اس لحاظ سے یہ سفارش صحیح ہے۔رپورٹ میں یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ نوکر شاہی میں اعلیٰ سطح پر ماہرین کی ‘لٹرل انٹری’ کو بھی بڑھاوا دیا جانا چاہیے تاکہ ہر شعبہ میں زیادہ سے زیادہ ماہرین کی خدمات مل سکیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘ مقصد یہ ہے کہ افسروں کو ان کی تعلیم اور اسکل کی بنیاد پر ایکسپرٹ بنایا جائے۔ یہاں یہ بھی ضروری ہو کہ لمبے وقت کے لیے افسروں کی قابلیت کی بنیاد پر پوسٹنگ کی جائے۔ حالانکہ یہ بھی متعین کیا جانا ضروری ہے کہ افسروں کو الگ الگ شعبے میں کام کرنے کا موقع ملے تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کو کسی بھی ضروری کام میں لگایا جا سکے۔’