تلنگانہ کے مینچیریل ضلع کے رہنے والے انورادھا اور لکشمن نے شادی کی تھی لیکن انورادھا کے گھر والوں کو یہ منظور نہیں تھا۔
نئی دہلی: جھوٹی شان کی خاطر قتل کے معاملے میں 22 سالہ ایک خاتون تلنگانہ کے مینچیریل ضلع میں مشتبہ حالت میں مری ہوئی ملی۔ خاتون نے دوسری کمیونٹی کے شخص سے شادی کی تھی۔پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔انورادھا اور لکشمن ایک ہی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے سے شادی کرنا چاہتے تھے لیکن انورادھا کے گھر والوں کو یہ منظور نہیں تھا۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ خاتون کے شوہر لکشمن نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ اس کی بیوی کو اس کے والدین سنیچر کی رات زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
مینچریل کے ڈی ایس پی وینو گوپال راؤ نے بتایا،’ ہماری ٹیموں نے اس کی تلاش شروع کی اور اس دوران ہمیں نزدیک کے ایک گاؤں میں کچھ انسانی ہڈیاں ملیں۔ ہم اس کو فارینسک جانچ کے لیے لے گئے۔ ہم اس وقت کچھ بھی تبصرہ کرنے میں اہل نہیں ہیں۔ ‘جانچ میں شامل ایک پولیس افسر نے بتایا کہ انھوں نے پوچھ تاچھ کے لیے انورادھا کے والدین اور اس کے کچھ رشتے داروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
دی نیوز منٹ کے مطابق؛کلام دگو گاؤں کے رہنے والے لکشمن اور انورادھا نے گزشتہ 3 دسمبر کو حیدر آباد میں ایک آریہ سماج مندر میں شادی کر لی تھی۔انورادھا ٹیچر بننے کے لیے ٹریننگ لے رہی تھی اور لکشمن بی ٹیک کا اسٹوڈنٹ ہے۔ انورادھا یادو کمیونٹی کی تھی وہیں لکشمن پدمشالی کمیونٹی سے ہے۔
شادی کے بعد دونوں نے 22 دسمبر کو جنا رام پولیس سے سکیورٹی مانگی تھی کیونکہ ان کو ایک معاملے کی شنوائی کے لیے گاؤن جانا تھا۔ اس سے پہلے مارچ میں انورادھا کے والد نے اپنی بیٹی کو پریشان کرنے کے لیے لکشمن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ انورادھا اور لکشمن سنیچر کو لکسیٹی پیٹ کورٹ میں معاملے کی شنوائی میں شامل ہونے کے لیے گاؤں گئے تھے۔ اس دن انورادھا کے والدین نے لکشمن کے ساتھ مارپیٹ کی اور زبردستی انورادھا کو لے گئے۔
پولیس کی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ والدین انورادھا کو نرمل ضلع کے ملاپور گاؤں کے پاس ایل جگہ پر لے گئے اور اس کا قتل کر دیا۔ انھوں نے مبینہ طور پر لاش کو جلا دیا اور ثبوت مٹانے کے لیے راکھ کو پھینک دیا۔ غور طلب ہے کہ ستمبر مہینے میں نل گونڈا علاقے میں ایک دلت شخص پرنئے کمار کا قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کرنے والے کو مبینہ طور پر پرنئے کے سسر ماروتی راؤ نے قتل کرنے کے لیے پیسے دیے تھے کیونکہ ان کی بیٹی امرتا نے گھر والوں کی مرضی کے خلاف پرنئے سے شادی کی تھی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں