خبریں

مشہور اداکار اور رائٹر قادر خان کا انتقال

ایکٹر اور فلم نویس قادر خان نے 250 سے زائد فلموں کے مکالمے لکھے اور 300 سے زیادہ فلموں میں ایکٹنگ کی ۔

قادر خان ،فوٹو: ٹوئٹر

قادر خان ،فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی : معروف ایکٹر اور رائٹر قادر خان کا 31 دسمبر کی شب کو انتقال ہوگیا ۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے ۔ خان کنیڈا کے ایک ہاسپٹل میں زیر علاج تھے ۔ ان کے بیٹے نے بتایا کہ ان کی تجہیز وتکفین وہیں کی جائے گی۔قادر خان کے بیٹے سرفراز نے بتایا کہ ، میرے والد ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ۔ لمبی بیماری کے بعد 31 دسمبر کی شام 6 بجے (کنیڈا کے وقت کے مطابق)ان کا انتقال ہوگیا ۔ وہ دوپہر کو کوما میں چلے گئے تھے ۔ وہ پچھلے 16-17 ہفتوں سے ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔

انہوں نے کہا ان کی تجہیز و تکفین کنیڈا میں ہی کی جائے گی ۔ ہماری ساری فیملی یہیں ہے اور ہم یہیں رہتے ہیں، اس لیے ہم ایسا کر رہے ہیں ۔ سرفراز نے کہا، ہم دعاؤں کے لیے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ایکٹر کے انتقال سے ایک دن پہلے بھی ان کے انتقال کی خبر آئی تھی جس کو ان کے بیٹے نے خارج کیا تھا۔

سرفراز نے انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں کہا، آج صبح میرے والدکا انتقال ہوگیا۔ وہ پچھلے کچھ مہینوں سے بیمار تھے اور ہاسپٹل میں زیر علاج تھے ۔ ہم نے ان کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ وہ بہت ہی پیار کرنے والے انسان تھے اور وہ ہر کسی سے پیار کرتے تھے ۔

خان کو سانس لینے میں تکلیف ہورہی تھی اور ڈاکٹر نے ان کو وینٹیلیٹر پر رکھا ہوا تھا۔ سوپر نیوکلیر پالسی بیماری کی وجہ سے ان کو چلنے میں بھی دقت ہورہی تھی اور یادداشت کمزور ہوگئی تھی۔کابل میں پیدا ہوئے قادر خان نے 1973 میں راجیش کھنہ کے ساتھ فلم داغ سے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی ۔ اس کے بعد وہ 300 سے زائد فلموں میں نظر آئے ۔ایکٹر بننے سے پہلے انہوں نے رندھیر کپور، جیا بچن کی فلم جوانی دیوانی کے لیے ڈائیلاگ لکھے تھے ۔ انہوں نے 250 سے زائد فلموں کے مکالمے لکھے۔ اسکرپٹ رائٹر کے طو رپر انہوں نے منموہن دیسائی اور پرکاش مہرا کی کئی فلموں میں اپنی خدمات دیں۔

ایکٹر اور فلم نویس  قادر خان آنکھیں، میں کھلاڑی تو اناڑی، جدائی، خون بھری مانگ، بیوی ہو تو ایسی، بول رادھا بول اور جڑوا ں سمیت کئی ہٹ فلموں کا حصہ رہے تھے۔45 سال سے زیادہ کے کیریئر میں خان کی اہم جوڑی 1990 کی دہائی میں ڈیویڈ دھون اور گووندا کے ساتھ رہی۔ تینوں نے ساجن چلے سسرال، ہیرو نمبر 1، قلی نمبر 1، دولہے راجا اور حسینہ مان جائےگی جیسی بلاک بسٹر فلمیں کی تھیں۔

دیسائی کے ساتھ ان کی فلموں  دھرم ویر، گنگا جمنا سرسوتی، قلی، دیش پریم، سہاگ، پرورش اور امر اکبر انتھنی اور پرکاش مہرا کے ساتھ فلموں میں جوالامکھی، شرابی، لاوارث اور مقدر کا سکندر شامل ہے۔قادر خان کے انتقال پر فلم انڈسٹری کے کئی فنکاروں نے غم کا اظہار کیا ہے۔

خان کے ساتھ کئی ساری فلموں میں کام کرنے والے امیتابھ بچن نے ٹوئٹ کرکے ان کو  اپنی تعزیت  پیش کی ہے۔ بچن نے دو اور دو پانچ، مقدر کا سکندر، مسٹر نٹورلال، سہاگ، قلی اور شہنشاہ جیسی بڑی فلموں  میں قادر خان کے ساتھ کام کیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، ‘قادر خان کا انتقال۔ تکلیف دہ مایوس کن خبر۔ میری دعا اور تعزیت۔ ایک شاندار اسٹیج فنکار، فلم کے لئے سب سے زیادہ رحمدل اور مکمل قابلیت۔میری زیادہ تر کامیاب فلموں کے رائٹر، بہترین دوست اور ایک ریاضی داں۔’

امیتابھ بچن کے علاوہ کئی دیگر فلمی فنکاروں اور دوسرے شعبوں  کے لوگوں نےبھی تعزیت پیش کی ہیں۔انوپم کھیر نےقادر خان کو ایک عمدہ فنکار کے طور پر یاد کیا وہیں رشی کپور نے کہا کہ بہت لمبا رشتہ تھا آپ کا ہم سب کپور کے ساتھ ۔بہت کام کیا بہت سیکھاآپ سے۔ جنت نصیب ہو آپ کو۔آمین

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)