رام دیو نے بھارت رتن میں کسی بھی ہندو سنت کو شامل نہیں کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔وہیں بھوپین ہزاریکا پرمبینہ منفی تبصرے کو لے کر کانگریسی رہنما ملیکارجن کھڑگے کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
نئی دہلی: بھارت رتن کے اعلان کے بعد رام دیو نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے 70 سال بعد بھی کسی سنیاسی کو بھارت رتن نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی سنتوں نے سماج کے لیے بہت کام کیا ہے۔ مدر ٹریسا کو بھارت رتن دیا گیا کیوں کہ وہ عیسائی تھیں ۔ مگر انہوں نے کسی دوسرے سنیاسی کو نہیں دیا کیوں کہ وہ ہندو تھے ۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، اتوار کو کمبھ میلے میں پہنچے رام دیو نے کہا کہ جن لوگوں کو بھارت رتن ملا ہے ان کا ایک وقار ہے ، لیکن کسی بھی ایک بھگوا دھاری سنیاسی کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا جانا چاہیے۔
مدر ٹریسا کو عیسائی ہونے کے ناطے بھارت رتن دیے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے رام دیو نے کہا کہ کیادیانند اور سوامی وویکآنند کی ملک کے لیےخدمات نہیں ہیں ۔ کیا ان کی خدمات کسی رہنما یا کھلاڑی سے کم ہیں۔رام دیو نے اس سلسلے میں کرناٹک میں لنگایت کمیونٹی کے سنت شیو کمار کی خدمات کا بھی ذکر کیا ،جن ابھی حال میں انتقال ہوا ہے۔رام دیو نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ، کیا اس ملک میں ہندو ہونا گناہ ہے؟ مدر ٹریسا کو 1980 میں بھارت رتن سے نوازا گیا تھا۔ رام دیو نے یہ بھی کہا کہ وہ مذہب کی بنیاد پر تفریق کی حمایت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ان سبھی سنتوں کو بھارت رتن ملنا چاہیے جو ملک اور سماج کی بھلائی کا کام کر رہے ہیں۔ واضح ہوکہ یوم جمہوریہ سے ایک دن پہلے جمعہ کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے تین لوگوں کو بھارت رتن سے نوازے جانے کا اعلان کیا ۔ ان میں سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے علاوہ سنگھ مفکر نانا جی دیش مکھ اور مشہور نغمہ نگاربھوپین ہزاریکا کے نام شامل ہیں ۔
دریں اثنا بھوپین ہزاریکا پر مبینہ تبصرے کو لے کر سینئر کانگریسی رہنما ملیکا رجن کھڑگے کے خلاف آسام پولیس نے معاملہ درج کیا ہے۔ افسروں نے اتوار کو جانکاری دی کہ آرٹی آئی کارکن راجو مہنت کی شکایت پر معاملہ درج کیا گیا ہے۔ مہنت نے الزام لگایا ہے کہ کھڑگے نے آسام کے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچایا ہے۔
غور طلب ہے کہ کانگریسی رہنما نے لنگایت کمیونٹی کے روحانی پیشوا شیو کمار سوامی کو بھارت رتن نہ دینے کے بجائے نغمہ نگار بھوپین ہزاریکا اور آر ایس ایس مفکر نانا جی دیش مکھ کو بھارت رتن دینے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں