خبریں

بی جے پی کے بڑے رہنماؤں کے ساتھ سامنے آئیں’مہاتما گاندھی‘پر گولی چلانے والی پوجا کی تصویریں

مہاتما گاندھی کے یوم وفات پر علی گڑھ میں اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی نیشنل سکریٹری پوجا شکن پانڈے نے گاندھی کے پتلے پر گولی چلا کر شوریہ دوس منایا تھا۔

فوٹو: فیس بک

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان اور بی جے پی کی سینئر رہنما اور مرکزی وزیر اوما بھارتی کے ساتھ پوجا شکن پانڈے بیچ میں ،فوٹو بہ شکریہ / فیس بک

نئی دہلی : اتر پردیش کے علی گڑھ میں بد ھ کو اکھل بھارتیہ ہندو مہا سبھا کی رہنما پوجا شکن پانڈے نے مہاتما گاندھی کے یوم وفات کو شوریہ دوس کے طور پر مناتے ہوئے ان کے پتلے کو گولی ماری اور ان کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی تصویر کو مالا پہنائی ۔سوشل میڈیا پر اس معاملے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مہاسبھا کی رہنما پوجا کی بی جےپی کے بڑے رہنماؤں کی تصویریں سامنے آرہی ہیں ۔ رہنماؤں کے ساتھ یہ تصویریں پوجا کے ذریعے ان کے فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھیں ، اس میں وہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہا ن اور بی جے پی کی سینئر رہنما اور مرکزی وزیر اوما بھارتی کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔

19 مارچ کو شیئر کی گئیں یہ تصویریں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری کی تقریب کی ہیں ، جن میں وہ کرنی سینا کے چیف لوکیندر کالوی سمیت مختلف مذہبی رہنماؤں کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔

ا ن کے فیس بک اکاؤنٹ پر مقامی سطح پر ہوئے اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی تقاریب نظر آتی ہیں ، جہاں تین طلاق  کے خلاف تحریک ۔ مسلم خواتین کے لیے ‘مسلم ناری اتھان یگیہ’ نماز پڑھے جانے کے بعد سڑک کی پاکی سے لے کر ناتھو رام گوڈسے کے یوم پیدائش پر تہنیتی پیغام بھی ہیں ۔

غور طلب ہے کہ اتر پردیش کے علی گڑھ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم وفات پر اکھل بھارتیہ ہندو مہا سبھا کے ذریعے مہاتما گاندھی کے پتلے پر گولی چلانے کے معاملے میں پولیس نے 13 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے ہندو مہاسبھا کے دو کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔این ڈی ٹی وی  کے مطابق، پوجا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم نے گاندھی کے’ قتل کو دوہرانے’ کی نئی روایت شروع کی ہے جیسے دسہرے میں راون کو جلایا جاتا ہے۔

بدھ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو میں ادارے کی نیشنل سکریٹری پوجا شکن پانڈے ،گاندھی جی کے پتلے کو گولی مارتی ہوئی نظر آرہی ہے۔اس تقریب میں مہاسبھا کے  کارکنوں نے ناتھو رام گوڈسے کی تصویر کو مالا بھی پہنا یا اور مٹھائی تقسیم کی ۔قابل ذکر ہے کہ اس کے بعد کارکنوں نے گاندھی کے پتلے کو جلا کر جشن منایا ۔ہندو مہا سبھا ہر سال مہاتما گاندھی کے یوم وفات کو شوریہ دوس کے طور پر مناتا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق، پولیس نے اس معاملے میں دو لوگوں کو حراست میں لیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوراً ہندو مہاسبھا کے دفتر پہنچ کر دو کارکنوں کو حراست میں لیا۔علی گڑھ کے گاندھی پارک تھانے میں پوجا شکن پانڈے سمیت 9 لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153اے، 295 اے اور 147 کے تحت معاملہ درج کیا  گیا ہے۔سرکل آفیسر نیرج کمار جادون نے بتایا کہ ، ویڈیو میں دکھ رہے دو نامزد ملزم منوج سینی اور ابھیشیک کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ منوج کو ویڈیو میں پتلا جلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ جانچ میں  ہی یہ پتہ چلے گا کہ اس ویڈیو کو کس نے پھیلایا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تنظیم نے ضلع انتظامیہ سے اس تقریب کو منعقد کرنے کی اجازت  نہیں لی تھی ۔

دریں اثنا اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے قومی ترجمان اشوک پانڈے نے ان کے ذریعے گاندھی کے ‘قتل’ کو دوہرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ا س میں کچھ غلط نہیں لگتا کیوں کہ ملک میں راون کو جلانے کے لیے بھی اس واقعے کو دوہراتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ ہم نے ایسا اپنے دفتر کے احاطے کے اندر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ، وہ (گاندھی) بٹوارے کے لیے ذمہ دار تھے … 10 لاکھ سے زیادہ ہندو مارے گئے تھے ۔ اشوک پانڈے پوجا شکن پانڈے کے شوہر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ معاملے کے دوران وہاں موجود تھے۔