خبریں

عبوری بجٹ 2019: مودی حکومت کا بڑا اعلان، 5 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر نہیں دینا ہوگا ٹیکس

ارون جیٹلی کی غیر موجودگی میں وزارت خزانہ کی ذمہ داری سنبھال رہے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے انتخابی سال میں عوام کو لبھانے والا عبوری بجٹ پیش کیا۔ مڈل کلاس کو ٹیکس میں دی گئی بڑی راحت کے تحت سرمایہ کاری پر 6.5 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر چھوٹ کا فائدہ  اٹھایا جاسکتا ہے۔

پیوش گوئل، فوٹو: پی ٹی آئی

پیوش گوئل، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت  نے پہلے سے چلی آرہی روایت کو نبھاتے ہوئے آج 1 فروری کو ارون جیٹلی کی غیر موجودگی میں مرکزی وزیر پیوش گوئل نے عبوری بجٹ پیش کیا۔ اس موقع پرمرکزی وزیر پیوش گوئل نے اپنی حکومت کی حصولیابیوں کا خوب شمار کیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت میں کسانوں کی آمدنی بڑھی ہے اور اقتصاد ی مورچوں پر ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی اہم شعبوں کے بجٹ کا اعلان کیا ہے۔

ریلوے: بجٹ پیش کرتے ہوئے پیوش گوئل نے بجٹ سے ریلوے کو 64000کروڑ دیے جانے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ریلوے کا کل بجٹ 1.58 لاکھ کروڑ ہو جائے گا۔ مرکزی وزیر کے مطابق ، ملک میں اب کہیں بھی بغیر گیٹ والے کراسنگ نہیں ہوں گے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ‘وندے بھارت،(ٹرین -18) کو لے کر انہوں نے کہا کہ یہ گھریلو تکنیک کا نتیجہ ہے۔

انفرا اسٹراکچر ڈیولپمنٹ: مرکزی وزیر نے بتایا کہ ملک میں اب 100 سے زیادہ ایئر پورٹ کام کرنے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب گھریلو ایئر ٹریفک 5 سالوں میں دوگنا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے اڑان کے شعبے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو نوکریاں ملی ہیں ۔ وہیں سڑک کی تعمیر کو لے کر انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے تیزی سے ہائی وے بنانے والا ملک بن گیا ہے ۔ پیوش گوئل نے کہا ملک میں ہر دن 27 کیلو میٹر سڑک بنائی جارہی ہے۔

دفاع: بجٹ میں دفاع کے لیے بڑا اعلان کیا گیا ۔ حکومت نے دفاعی بجٹ کے لیے 3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کا اعلان کیا ۔ پیوش گوئل نے کہا کہ ون رینک ون پنشن اسکیم نافذ کر دی گئی ہے اور جوانوں کو اب تک 35000روپے دیے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی جوانوں کی تنخواہ اور بھتے میں اضافہ کیا گیا ہے۔

بجٹ کے اہم نکات:

ٹیکس میں چھوٹ کی حد کو بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے ۔ وہیں سرمایہ کاری کے ذریعے 6.5 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر چھوٹ کا فائدہ لیا جاسکتا ہے۔ پیوش گوئل نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 3 کروڑ لوگوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔

40 ہزار روپے تک کےانٹریسٹ پر کوئی ٹی ڈی ایس نہیں دینا ہوگا۔

دفاعی بجٹ کو بڑھا کر 3 لاکھ کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا گیا۔

منریگا کے لیے 60 ہزار کروڑ روپے کا اعلان ۔

پیوش گوئل نے راشٹریہ گوکل یوجنا کے شروع کرنے کا اعلان کیا ، اس کے لیے 750 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

آفات سے متاثرین لوگوں انٹریسٹ میں 5 فیصدی چھوٹ کا اعلان ۔

گریچوٹی ادائیگی کی حد 10 لاکھ سے 20 لاکھ کرنے کا اعلان۔

60 سال کی عمر کے بعد 3 ہزار روپے کا پنشن ، 100 روپے مہینے کے جزوی ادائیگی پر بونس کا اعلان۔

ای پی ایف او کی بیمہ رقم 6 لاکھ روپے کی گئی ہے۔ ان آرگنائزڈ سیکٹر میں مزدوروں کی موت پر 6 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان ۔

خانہ بدوش کمیونٹی کی پہچان کا کام  گا نیتی آیوگ  کرے گا ۔ ان کے لیے ویلفیئر بورڈ بنایا جائے گا۔

60 سال کی عمر کے بعد 3 ہزار روپے کا پنشن ، 15 ہزار کی تنخواہ والے مزدوروں کے لیے پنشن ، 100 روپے کی جزوی ادائیگی پر بونس کا اعلان۔

آئندہ 5 سالوں میں ایک لاکھ ڈیجیٹل گاؤں بنانے کا اعلان۔

پیوش گوئل نے چھوٹے کسانوں کی مالی مد د کے لیے پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کا اعلان کیا۔ اس کے تحت 2 ہیکٹر زمین والے کسانوں کو 6 ہزار روپے  سالانہ کی مدد دی جائے گی ۔یہ پیسہ سیدھے ان کے اکاؤنٹ میں جمع ہوجائے گا۔یہ پوری طرح سے حکومت ہند کی جانب سے ہوگا۔ اس سے 12 کروڑ کسانوں کو براہ راست فائدہ ملے گا۔ یہ اسکیم 1 دسمبر 2018 سے نافذ کیا جائے گا۔پہلی قسسط  کی فہرست بناکر ان کے اکاؤنٹ میں بھیج دیا جائے گا۔ اس اسکیم کا خرچ 75 ہزار کروڑ روپے حکومت بھرے گی۔

دریں اثنا  تیلگو دیشم پارٹی کے رکن پارلیان عبوری بجٹ 2009 پیش ہونے سے پہلے مرکز ی حکومت کی مخالف میں سیاہ کپڑے پہنے ہوئے نظر آئے ۔ وہ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کے ساتھ پارلیامنٹ کے احاطے میں مظاہرہ کر رہے تھے ۔

قابل ذکر ہے کہ بجٹ سیشن 2019 کے دوران نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے تک 4 مہینے کے خرچ کے لیے ووٹ آن اکاؤنٹ کو ہی منظوری دی جائے گی ۔ عام انتخاب کے بعد مئی میں چن کر آنے والی نئی حکومت ہی جولائی میں مکمل بجٹ پیش کرے گی اور اس سے پہلے اقتصادی سروے پارلیامنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ دراصل تمام پارٹیوں کی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کر دیا ہے کہ یہ عبوری بجٹ ہی ہوگا ۔ اس سے پہلے خبریں تھیں حکومت مکمل بجٹ پیش کرے گی جس کو لے کر اپوزیشن  پارٹیاں حملہ آور تھیں۔