خبریں

مغربی بنگال: بغیر اجازت یوگی آدتیہ ناتھ نے کی ریلی اور کہا؛ ’گرو سے کہو ہم ہندو ہیں‘

یوگی آدتیہ ناتھ نے مغربی بنگال کے پرولیا روانہ ہونے سے پہلے کہا کہ مغربی بنگال کی حکومت غیر جمہوری اور غیر آئینی  سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ اس لیے مجھ جیسے سنیاسی کو بنگال کی دھرتی پر قدم رکھنے سے روکنا چاہتی ہے۔

فوٹو پی ٹی آئی

فوٹو پی ٹی آئی

نئی دہلی: مرکزی حکومت  اور ممتا بنرجی کے درمیان گھما سان کے بیچ مغربی بنگال کے پرولیا ضلع میں   اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نےروک کے باوجود ایک ریلی کو خطاب کیا۔غور طلب ہے کہ مجوزہ ریلی کو  بنگال حکومت نے اجازت نہیں دی تھی۔ذرائع کے مطابق  کاغذی کارروائی مکمل نہیں ہونے کی وجہ سے ممتا حکومت نے سی ایم یوگی کو ریلی کی منظوری نہیں دی تھی ۔

پرولیا روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے کہا کہ ،مغربی بنگال کی حکومت غیر جمہوری اور غیر آئینی  سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ اس لیے مجھ جیسے سنیاسی کو بنگال کی دھرتی پر قدم رکھنے سے روکنا چاہتی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، مغربی بنگال حکومت نے سی ایم یوگی کے ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی تھی ۔ اس کے بعد نئے پلان کے مطابق ، یوگی پہلے رانچی گئے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بوکارو پھر سڑک کے راستے پرولیا پہنچے۔یہاں پہنچ کر یوگی آدتیہ ناتھ نے ‘گرو سے کہو ہم ہندو ہیں کے نعرے لگائے۔’

انہوں نے کہا کہ جس دھرتی نے  مخالف حالات میں ملک کو حوصلہ دیا تھا۔ آپ سب جانتے ہیں کہ یہ بنگال کی دھرتی ہے جس میں رادھا کرشن پرم ہنس جی نے روحانیت کے دم  پر لوگوں کو حوصلہ دیا تھا۔ سوامی وویکا نند جی نے پوری دنیا کے اندر رہنے والے ہندوؤں سے کہا تھا کہ ،گرو سے کہو ہم ہندو ہیں ۔ یہ جذبے کو بیدار کرنے والی دھرتی ہے ۔

یوگی نے کہا کہ یہ وہی دھرتی ہے جہاں کی عوام نے ملک کو غلامی سے نجات دلانے میں بہت اہم رول ادا کیا۔انہوں نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ شاردا چٹ فنڈ  گھوٹالے کے بے ایمانوں کو بچانے کا کام کر رہی ہیں ۔ لیکن آج سپریم کورٹ نے صاف کردیا کہ ہے کہ کمشنر کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

انہوں نے ممتا بنرجی کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ممتا جی نے محرم کی تقریب کو اجازت دی لیکن درگا پوجا کی تقریب پر روک لگادی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگال کو اس حکومت سے آزادی ملنی چاہیے۔

سی ایم یوگی نے  کہا کہ ترنمول کانگریس جیسی بدعنوان حکومتیں جہاں بھی ہیں وہاں عوام کو درگا پوجا سے روکا جاتا ہے ۔اس  موقع پر انہوں نے بنگال کی تعریف میں کہا کہ  بنگال نے ملک کو قومی گیت  اور قومی ترانہ دیا ہے۔لیکن جمہوریت کے لیے اس سے شرمناک بات اور کیا ہوگی کہ ایک وزیراعلیٰ یہاں دھرنے پر بیٹھ جائے۔انہوں نے کہا کہ جس دن بی جے پی کی حکومت بنگال میں آئے گی ، اس دن ٹی ایم ایس  کے غنڈوں کے گلے میں تختی لٹکادی جائے گی ۔ جیسے یوپی میں ایس پی اور بی ایس پی کے غنڈے اپنے گلے میں تختی لٹکا کر چلتے ہیں  او رکہتے ہیں ہمیں بخش دو ۔

ہم کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ  بی جے پی  کے اقتدار والی ریاستوں میں غنڈے اپنی جان کی بھیک مانگ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کو سماج کے ہر طبقے کا خیال ہے ۔ مود ی جی ملک کا وقار بڑھا رہے ہیں ۔ انہوں نے انکم ٹیکس کی حد 5 لاکھ کر دی ہے۔یہاں انہوں نے جئے شری رام کے نعروں کے ساتھ اپنی تقریر ختم کی ۔