صبح تقریباً 4:30بجے ہوئے اس حادثے میں مرنے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں جبکہ 9 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی حکومت نے اس معاملے میں مجسٹریٹ جانچ کے حکم دے دیے ہیں۔
نئی دہلی:دہلی کے قرول باغ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں منگل کی صبح آگ لگ گئی۔اس حادثے میں اب تک 17 لوگوں کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حادثے میں مرنے والوں میں ایک عورت اور ایک بچہ بھی شامل ہے جو کہ آگ سے بچنے کے لیے کھڑکی سے کودنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛ یہ حادثہ قرول باغ کے ہوٹل ارپت پیلیس میں ہوا۔ دہلی فائر سروسیز چیف اتل گرگ نے کہا کہ اس حادثے میں کم سے کم 9 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
انھوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ گرگ نے کہا،’ اس چار منزلہ ہوٹل میں 35 کمرے ہیں۔ پورے ہوٹل کو دہلی آئی ہوئی ایک فیملی نے بک کیا تھا۔ صبح تقریباً 4:30بجےملی اطلاع کے بعد کم سے کم 25 فائر سروس اہلکار جائے واردات پر پہنچ گئے۔’
Delhi Minister Satyendra Jain on fire in Karol Bagh hotel: 17 people dead and 2 injured. Most of the people died due to suffocation. Strict action will be taken against those found guilty of negligence. District Magistrate has ordered inquiry pic.twitter.com/2JVLVvH0m8
— ANI (@ANI) February 12, 2019
وہیں دہلی حکومت نے اس معاملے میں مجسٹریٹ جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ جائے واردات پر پہنچے دہلی حکومت کے وزیر ستیندر جین نے کہا،’ 17 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 2 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ زیادہ تر لوگوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ لاپرواہی کے لیے ذمہ دار پائے جانے والے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلع مجسٹریٹ نے جانچ کے حکم دے دیے ہیں۔’
جین نے کہا،’ عمارت کی تعمیر قوانین کے مطابق، اس علاقے میں 4 منزل (پارکنگ +4 منزل)سے بڑی عمارت نہیں بنائی جا سکتی۔ لیکن میں نے علاقے میں دیکھا ہے کہ کئی عمارتیں پوری طرح سے اصولوں کو ان دیکھا کر کے بنائی گئی ہیں۔ میں نے فائر محکمہ کو حکم دے دیا ہے کہ وہ سبھی عمارتوں کا تجزیہ کریں اور آج سے روزانہ رپورٹ سونپے۔ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو سیل کر دیا جائے گا۔’حادثے میں زخمی اور مرنے والوں کی لاش کو رام منوہر لوہیا اسپتال ، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالچ اور بی کے ایل اسپتال لے جایا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ رام منوہر لوہیا اسپتال میں کل 13 لوگ لائے گئے، جن میں سے سبھی کی موت کا اعلان کر دیا گیا۔ وہیں لیڈی ہارڈنگ اسپتال میں 5 لوگوں کو لایا گیا، جن میں سے 2 کی موت ہو گئی۔ ایک اور جگہ 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ادھر گنگا رام میں 3 لوگ زخمی ہیں۔ اس طرح سے اب تک کل 17 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
آگ لگنے کے اس واقعے میں میانمار سے آئے دو لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ برما سے 8 لوگوں کا گروپ آیا تھا، جن میں دو لوگ کی لاش کی شناخت ہوئی ہے۔ ہوٹل اہلکار ہری سنگھ نے بتایا کہ ہوٹل میں کل 65 کمرے ہیں اور سبھی بھرے ہوئے تھے۔ 20 سے 25 ہوٹل کا اسٹاف بھی تھا۔
Categories: خبریں