خبریں

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا-مودی مخالف ہو نا ملک مخالف ہونا بالکل نہیں ہے

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ،ملک میں احتجاج کرنے کا حق سب کو ہے اور مودی مخالف ہونے کا مطلب ملک مخالف ہونا بالکل نہیں ہے۔

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پلواما میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو لے کروزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا  کہ حکومت عوام کے بھروسے کو نہیں توڑے گی اور دہشت گردوں کو منھ توڑ جواب دے گی ۔ آج تک سے ایک خاص بات چیت کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ ، اس ملک میں احتجاج کرنے کا حق سب کو ہے اور مودی مخالف ہونے کا مطلب ملک مخالف ہونا بالکل نہیں ہے۔

اس بات چیت کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ، جمہوریت میں کوئی بھی اپنی مخالفت درج کروا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں نہ جانے کیسے کیسے نازیبا کلمات استعمال کیے جاتے ہیں ، لیکن اس کو ملک مخالف ہونا نہیں کہہ سکتے اور نہ ہی ہم ایسا مانتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ، سیاسی پارٹیوں کو کسی بھی آئینی عہدے پر الزام لگانا سے پہلے غور و فکر کرنا چاہیے۔

اس بات چیت میں انہوں نے  پلواما حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ، یہ بہت تعجب کن ہے کہ کانگریس شہیدوں کے نام پر بھی سیاست کر رہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کے تمام الزامات کو بے بنیاد قراد دیا اور کہا کہ جوانوں کی شہادت پر سیاست نہ کریں۔

انہوں نے اپنی بات چیت میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بہت حساس بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے حملے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں سے بات چیت شروع کردی تھی ۔ وزیر داخلہ نے پلواما حملے میں ہلاک ہونے والے جوانوں پر سیاسی بیان بازیوں کے بارے میں کہا کہ ، ہمارے رہنما اٹل بہاری واجپائی نے بنگلہ دیش کے بننے سے پہلے 1971 میں جو پاکستان سے جنگ ہوئی تھی ، اس وقت انہوں نے پارلیامنٹ میں کھڑے ہوکر اندرا گاندھی کی تعریف کی تھی ۔

انہوں نے اس بات چیت میں یہ بھی کہا کہ پلواما کا کرارا جواب دیا جائے گا۔ اب دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بڑی کامیابی ہے کہ وزیر اعظم مودی دہشت گردی کے خلاف پوری دینا کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔