خبریں

جموں بس اسٹینڈ پر بلاسٹ، تقریباً 28 لوگ زخمی

حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔جموں بس اسٹینڈ کے آس پاس کے علاقے کی گھیرا بندی کی گئی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:جموں شہر کے بیچ بھیڑ والے بس اسٹینڈ پر جمعرات کو ہینڈ گرینیڈ سے کیے گئے بلاسٹ میں 28 سے 30 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے اس کی جانکاری دی۔گزشتہ سال مئی سے لے کر اب تک بس اسٹینڈ علاقے میں دہشت گردوں کی طرف سے ہینڈ گرینیڈ کے ذریعہ کیا گیا یہ تیسرا حملہ ہے۔

جموں کے آئی جی ایم کے سنہا نے بتایا کہ بلاسٹ کے بعد بی سی روڈ کے آس پاس کے علاقے کی گھیرا بندی کر دی گئی اور گرینیڈ پھینکنے والے کو پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے  پر مہم چلائی جا رہی ہے۔

واقعہ میں زخمی ہوئے لوگوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی)اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ بلاسٹ میں بس اسٹینڈ پر کھڑی سرکاری بس کے آگے کے شیشے ٹوٹ گئے۔ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ زخمی لوگوں میں سے ایک کی حالت ‘سنگین’ ہے۔

واقعہ کو لے کر ریاست کے وزیر دفاع سبھاش بھامرے نے کہا،’ واقعہ کی جانچ شروع ہو گئی ہے۔حکومت نے پہلے ہی ضروری اقدام کرنے کے لیے فوج کو پوری چھوٹ دے دی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)