خبریں

بی ایس این ایل کی موبائل فون سروس سے ہونے والی آمدنی گزشتہ 2 سالوں میں تیزی سے کم ہوئی: آر ٹی آئی

آر ٹی آئی سے ملی اطلاع کے مطابق، مالی سال18-2017میں بی ایس این ایل نے جی ایس ایم موبائل فون سروس  سے 7148.09 کروڑ روپے کا ریونیوکمایا۔ موجودہ مالی سال کے شروعاتی 10 مہینوں میں 4000.81 کروڑ روپے کا ریونیو کمایا ہے۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ سالوں سے کافی کم ہیں۔

(فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

(فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پبلک سیکٹر  کی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے ریونیو (کمائی) میں پچھلے دو سال کے دوران تیز گراوٹ آئی ہے۔ آر ٹی آئی قانون کے تحت حاصل جانکاری کے مطابق بی ایس این ایل نے موجودہ مالی سال کے شروعاتی 10 مہینوں (اپریل 2018-جنوری 2019) میں جی ایس ایم موبائل فون سروس سے 4000.81 کروڑ روپے کا ریونیو کمایا ہے۔

آر ٹی آئی کے تحت ملے پچھلے پانچ سالوں کے اعداد و شمار کے تقابلی مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ دو سال پہلے یعنی مالی سال17-2016 کے آخر تک جی ایس ایم موبائل فون سروس  سے بی ایس این ایل کا ریونیو پانچ پوائنٹس میں دس ہزار کروڑ روپے کی سطح پر یا اس سے اوپر تھا۔لیکن مالی سال18-2017 سے ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کی کمائی میں گراوٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا اور اس کا سالانہ ریونیو چار پوائنٹس میں رہ گیا۔

مدھیہ پردیش کے نیمچ کے رہنے والے آر ٹی آئی کارکن چندرشیکھر گوڑ نے گزشتہ جمعرات کو بتایا کہ ان کو آر ٹی آئی کے تحت بی ایس این ایل سے یہ جانکاری ملی ہے۔گوڑ کی آر ٹی آئی عرضی پر بھیجے گئے جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ مالی سال18-2017 میں بی ایس این ایل نے جی ایس ایم موبائل فون سروس  سے سے 7148.09 کروڑ روپے کا ریونیوکمایاتھا۔

انہوں نے کہا، ‘ آر ٹی آئی کے تحت ملے ان اعداد و شمار پر غور کرنے سے اشارہ ملتا ہے کہ بی ایس این ایل کے لئے موجودہ مالی سال میں جی ایس ایم موبائل فون سروس  سے ہونے والی کمائی پچھلے مالی سال کی سطح پر پہنچنا آسان نہیں ہے۔ ‘اعداد و شمار کے مطابق، موبائل فون سروس  سے بی ایس این ایل نے مالی سال17-2016 میں11215.61 کروڑ روپے، مالی سال16-2015 میں11182.53 کروڑ روپے اور مالی سال15-2014 میں 10890.35 کروڑ روپے کا ریونیو کمایا تھا۔

غور طلب ہے  کہ کمپنی نے اپنے ملازمین‎ کو فروری مہینے کی تنخواہ کی ادائیگی بھی اب تک نہیں کی ہے  بی ایس این ایل ملازم یونین نے حکومت کو خط لکھ‌کر    کمپنی کو بحران سے  نکالنے  کی درخواست کی ہے۔انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛پبلک ٹیلی کمیونی کیشنس کمپنی بی ایس این ایل نے مالی بحران کی وجہ سے ملک بھر میں اپنے تقریباً 1.76 لاکھ ملازمین‎ کو فروری مہینے کی تنخواہ نہیں دی۔

ملازمین  یونین نے ٹیلی کمیونی کیشن وزیر منوج سنہا کو خط لکھ‌کر گزارش کی ہے کہ حکومت ملازمین‎ کو تنخواہ دینے کے لئے اور بحران کی شکار کمپنی کو بحال کرنے کے لئے فنڈ جاری کرے۔حالانکہ گزشتہ جمعرات کو کمپنی کے چیئر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر انوپم شریواستو نے کہا، ‘ بی ایس این ایل اپنے تمام ملازمین‎ کی تنخواہ کی ادائیگی جمعہ (15 مارچ) تک کرے‌گی۔ ہم  وزیر منوج سنہا کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے وقت پر مداخلت کر یہ یقینی  کیا کہ ملازمین‎ کی تنخواہ کی ادائیگی جلد کی جا سکے۔ ‘

شریواستو نے کہا، ‘ ہمیں امید ہے کہ مارچ میں کل حصولیابی 2700 کروڑ روپے رہے‌گی۔ اس میں سے 850 کروڑ روپے کی رقم کا استعمال ملازمین‎ کی تنخواہ کی ادائیگی کے لئے کیا جائے‌گا۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)