خبریں

یہ ملک کا آخری لوک سبھا انتخاب ہے، 2024 میں نہیں ہوں‌گے انتخاب: ساکشی مہاراج

گزشتہ سال ستمبر میں بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا تھا کہ ہم 2019 کا لوک سبھا انتخاب جیتنے جا رہے ہیں اور 2019 کا انتخاب جیتنے کے بعد اگلے 50 سالوں تک کوئی بھی ہمیں ہٹا نہیں پائے‌گا۔ یہ بات ہم غرور میں نہیں بلکہ اپنے کام کی وجہ سے بول رہے ہیں۔

اتر پردیش کے اناو سے بی جے پی رکن پارلیامان ساکشی مہاراج (فوٹو بشکریہ : فیس بک)

اتر پردیش کے اناؤ سے بی جے پی رکن پارلیامان ساکشی مہاراج (فوٹو بشکریہ : فیس بک)

نئی دہلی: اتر پردیش کے اناؤ سے بی جے پی رکن پارلیامان ساکشی مہاراج نے جمعہ کو کہا کہ 2024 میں لوک سبھا انتخاب کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی اور اس کے لئے وہ مودی لہر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اکثر اپنے متنازعہ بیانات کو لےکے چرچہ  میں رہنے والے  ساکشی مہاراج کا یہ بیان 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک ایک مہینے پہلے آیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، ساکشی مہاراج نے کہا، ‘ میں ایک سنیاسی ہوں اور جو بھی میرے دماغ میں آتا ہے وہ میں بول دیتا ہوں۔ میرا ماننا ہے کہ ان انتخابات کے بعد 2024 میں کوئی انتخاب نہیں ہوں‌گے۔ صرف ایک یہی انتخاب بچا ہے جو کہ ملک کے نام پر لڑا جائے‌گا۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ 2014 میں مودی نام کی لہر تھی لیکن 2019 میں مودی نام کی سنامی ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کو مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے سے نہیں روک سکتی ہے۔ ‘ساکشی مہاراج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک میں بیداری آ رہی ہے اور آئندہ انتخاب اسی پر ہونے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ‘ پورے ملک میں بات  ہو رہی  ہے کہ ملک مودی کی وجہ سے ہے۔ یہ انتخاب پارٹی کا نہیں بلکہ ملک کا ہے۔ ملک میں پہلی بار بیداری آئی ہے۔ ‘

بی جے پی رکن پارلیامان کے بیان کے بعد دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا  نشانہ بنایا  ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ بی جے پی نے اپنا مقصد صاف کر دیا۔ میں تو پہلے سے ہی کہہ رہا ہوں کہ مودی اور امت شاہ کی جوڑی دوبارہ آ گئی تو وہ آئین بدل دیں‌گے اور انتخاب کروانا ہی بند کر دیں‌گے۔ ہٹلر نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔ ‘

ساکشی مہاراج کے نام سے مشہور سچجانند ہری ساکشی نے اتر پردیش کے اناؤ سے 2014 کا لوک سبھا انتخاب جیتا۔اس سے پہلے 13 مارچ کو انہوں نے کہا تھا کہ اگر آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ان کو ٹکٹ دینے سے منع دیا جاتا ہے تب بھی وہ پارٹی کے لئے تشہیر کریں‌گے۔

انہوں نے کہا تھا، ‘ میرے ٹکٹ کو لےکر کسی بھی طرح کا خدشہ نہیں ہے۔ مجھے پتا ہے کہ اناؤ سے مجھے ہی ٹکٹ ملے‌گا۔ اگر کسی حالت میں پارٹی ٹکٹ نہیں ملتا ہے توبھی میں پارٹی کے لیے انتخابی تشہیر کروں‌گا۔ ‘

غور طلب ہے  کہ اس سے پہلے گزشتہ سال ستمبر میں دہلی میں بی جے پی عاملہ کے اجلاس کے بعد بی جے پی رہنما اور مرکزی قانون وزیر روی شنکر پرساد نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی اگلی پانچ دہائیوں تک ملک پر حکومت کرنے جا رہی ہے۔پارٹی صدر امت شاہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے پرساد نے کہا تھا، ‘ ہم 2019 کا  لوک سبھا انتخاب جیتنے جا رہے ہیں اور 2019 کا انتخاب جیتنے کے بعد اگلے 50 سالوں تک کوئی بھی ہمیں ہٹا نہیں پائے‌گا۔ یہ بات ہم غرور کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے کام کی طاقت کی بنا پر  بول رہے ہیں۔’