خبریں

کشمیر: شوپیاں میں مبینہ دہشت گردوں نے خاتون پولیس افسر کو گولی ماری

مبینہ دہشت گردوں نے تقریباً 2:40بجے خوشبو جان کا ویہل گاؤں میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔

فوٹو: بہ شکریہ اے این آئی

فوٹو: بہ شکریہ اے این آئی

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع میں واقع ویہل علاقے میں سنیچر کی دوپہر کو مبینہ دہشت گردوں نے ایس پی او خوشبو جان کا گولی مار کر قتل کر دیا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛مبینہ دہشت گردوں نے تقریباً 2:40بجے خوشبو جان کا ویہل گاؤں میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔

پولیس نے کہا ،’آج دہشت گردوں نے شوپیاں ضلع کے ویہل علاقے میں خاتون پولیس افسر خوشبو جان پر گولی باری شروع کر دی۔حملے میں وہ سنگین طور سے زخمی ہو گئیں جس کے بعد ان کو اسپتال لے جایا گیا۔اسپتال میں انھوں نے دم توڑ دیا۔’پولیس نے کہا،’ہم اس ظالمانہ واردات کی مذمت کرتے ہیں اور ان مشکل حالات میں ان کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔’

اس بیچ آرمی ،پولیس کا خاص مہم گروپ اور سی آر پی ایف نے علاقے کی گھیرابندی کر دی ہے اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

نوبھارت ٹائمس کے مطابق؛اس سے پہلے گزشتہ جمعرات کو پلواما ضلع میں  مبینہ دہشت گردوں نے 40 سالہ ایک شخص کو جبراً اس کے گھر سے لے جا کر گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ وہیں بدھ کو پلواما ضلع میں ہی مبینہ دہشت گردوں نے آرمی کے  ایک سابق جوان کا گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔