خبریں

میں چوکیدار نہیں ہو سکتا کیونکہ میں برہمن ہوں: سبرامنیم سوامی

 ایک تمل نیوز چینل کو دیے انٹرویو میں سوامی نے کہا کہ برہمن ہونے کی وجہ سے انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے نام کے آگے چوکیدار کا اضافہ نہیں کیا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:بی جے پی کے ایم پی سبرامنیم سوامی نے گزشتہ اتوار کو مبینہ طور پر ذات پات سے متعلق تبصرہ کیا،جب انھوں نے کہا کہ وہ چوکیدار نہیں ہو سکتے کیونکہ وہ ایک برہمن ہیں۔17 مارچ کو وزیراعظم نریندر مودی سمیت کئی بڑے بی جے پی رہنماؤں نے اپنے ٹوئٹر نام کے آگے ‘چوکیدار’ لفظ کا اضافہ کیا تھا۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر میں بھی چوکیدار مہم بھی شروع کی،جس میں لوگوں سے اس میں شامل ہونے کی گزارش کی گئی۔

بی جے پی نے کانگریس کے ‘چوکیدار چور ہے’ کے نعرے کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ مہم شروع کی۔اسکرال ڈاٹ ان کے مطابق؛  ایک تمل نیوز چینل، تھانتھی ٹی وی  کو دیے ایک انٹرویو میں سوامی سے پوچھا گیا کہ انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے نام کے آگے ‘چوکیدار’ لفظ ابھی تک کیوں نہیں جوڑا ہے۔

اس پر انھوں نے کہا،’میں برہمن ہوں ،میں چوکیدار نہیں بن سکتا۔میں ان کو سکھاؤں گا اور اس کے مطابق،میں چوکیدار کے لیے کام کروں گا۔’ اس انٹرویو کا ایک چھوٹا سا کلپ سوشل میڈیا پر کافی شیئر کیا گیا ہے۔

چوکیدار لفظ کو اپنے نام کے آگے جوڑنے سے ایک دن پہلے مودی نے ٹوئٹ کیا تھا کہ جو لوگ بد عنوانی، گندگی،سماجی برائیوں سے لڑ رہے ہیں ،وہ چوکیدار ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کیا تھا، ‘ آپ کا چوکیدار مستعد کھڑا ہے اور ملک کی خدمت کر رہا ہے۔ لیکن میں اکیلے نہیں ہوں، جو بھی بد عنوانی، گندگی اور سماجی برائیوں کے خلاف لڑ رہا ہے، وہ چوکیدار ہے۔ جو بھی ہندوستان کی ترقی کے لئے سخت محنت کر رہا ہے، وہ چوکیدار ہے۔ آج ہر ہندوستانی کہہ رہا ہے   MainBhiChowkidar#۔ ‘