پولیس نے سنیچر اور اتوار کو بڈوانی ضلع کے سیندھوا قصبہ میں سنجےیادو کے گھر سے 13 پستول، 17 دیسی بم اور 116 زندہ کارتوس ضبط کئے ہیں۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش پولیس کے ذریعے چلائے جا رہے ریاست گیر مہم کے تحت بڈوانی ضلع پولیس نے سیندھوا قصبہ میں ایک گھر سے بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار بر آمد کئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ گھر بی جے پی رہنما سنجے یادو کا ہے۔پولیس ہیڈ کوارٹر کے ذریعے دی گئی جانکاری کے مطابق، بڈوانی ایس پی یانگ چئین ڈولکر بھوٹیا کی ہدایات کے تحت پولیس نے سنیچر اور اتوار کو سیندھوا قصبہ میں سنجےیادو کے گھر سے 13 پستول، 17 دیسی بم اور 116 زندہ کارتوس ضبط کئے ہیں۔
پولیس نے ملزم سنجے یادو کے خلاف آرمس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔اس کے علاوہ غیر قانونی وصولی، لوگوں کو ڈرانے، دھمکانے اور مارپیٹ کے معاملے میں ملزم سنجےیادو اور ایک دیگر ملزم گوپال جوشی کے خلاف پولیس نے این ایس اے کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔ فی الحال دونوں ملزم فرار ہیں اور پولیس ان کو تلاشکر رہی ہے۔
دینک بھاسکر میں چھپی خبر کے مطابق، بڑی مقدار میں ہتھیار ضبط کرنے کے معاملے پر ایس پی نے بتایا،’پولس معاملے کی جانچکر رہی ہے۔ مقدمہ درج ہوا ہے۔ کچھ لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں، ان کو پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جلدہی مقصد بھی پتہ کر لیںگے۔ ‘ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیندھوا قصبہ میں یادو اور گوپال جوشی کی دو گینگ فعال ہیں۔ یہ گینگ غیر قانونی وصولی، ڈرانا-دھمکانا، اغوا، مارپیٹ اور قتل جیسے جرائم کو انجام دیتے ہیں۔یادو کے خلاف مختلف دفعات میں 47 مجرمانہ معاملے درج ہیں اور جوشی کے خلاف 30 سے زیادہ مقدمے درج ہیں۔ جوشی کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
گزشتہ سنیچر کو یادو اور دوسرے گروپ کے درمیان ہوئی سنگباری میں تین لوگ بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔ یادو اور اس کے چھوٹے بھائی جیتو کے علاوہ اس کی ماں بسنتی قریب دو سال پہلے بی جے پی میں شامل ہو گئی تھیں۔آج تک کے مطابق ،لوک سبھا انتخاب کے مدنظر مدھیہ پردیش پولیس انتظامیہ پوری ریاست میں خصوصی مہم چلا رہی ہے۔ اس کا مقصد ہے، مجرمانہ اور غیرسماجی عناصر کی گرفتاری، غیر قانونی ہتھیار، نشیلی اشیا اور غیر قانونی رقم کی ضبطی۔
اسی مہم کے تحت پولیس نےنگرانی شدہ بدمعاش سنجےیادو کے گھر پر چھاپا مارا تھا، جہاں ہتھیاروں کا ذخیرہ ملا۔سنجےیادو بی جے پی رہنما ہیں اور اس کی ماں بسنتی یادو سیندھوا نگر پالیکا کی چیئر مین ہیں۔ بسنتی یادو کو گزشتہ سال ہوئے نگر پالیکا انتخاب میں بی جے پی نے ٹکٹ دیا تھا۔ اس کے بعد حزب مخالف کانگریس سمیت 6 امیدواروں نے ایک ایک کرکے میدان چھوڑ دیا تھا۔سنجےیادو بڑوانی ضلع کورٹ میں ہوئے مشہور گولی کانڈ معاملے میں ملزم ہیں اور پولیس اس کی تلاشکر رہی ہے۔لوک سبھا انتخاب کے مد نظرضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد سے مدھیہ پردیش میں 25 مارچ تک بڑی مقدار میں غیر قانونی شراب اور ہتھیار بر آمد ہو چکے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد سے 25 مارچ تک مدھیہ پردیش میں کل ملاکر 7.60 کروڑ روپے کی غیر قانونی شراب، نقدی اور نشیلی اشیا سمیت گاڑی اور ہتھیار ضبط کئے جا چکے ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں