خبریں

نوئیڈا پولنگ بوتھ پر بانٹے گئے نمو فوڈ کے پیکٹس

نوئیڈا کے سینئر پولیس افسر ویبھو کرشنا نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے بیچ بانٹے گئے فوڈ پیکٹ کسی سیاسی جماعت نے نہیں دیا بلکہ ان کو نمو فوڈ شاپ سے خریدا گیا۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی:لوک سبھا انتخابات 2019 کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران اتر پردیش کے گوتم بدھ  نگر پارلیامانی سیٹ کے تحت آنے والے نوئیڈا میں پولنگ بوتھ کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں کو نمو فوڈ کے لوگو والے کھانے کے پیکٹ بانٹے گئے۔

ایک ٹوئٹ کے مطابق؛ ووٹنگ کے لیے لائن میں لگے لوگوں نے ان کھانے کے پیکٹ پر سوال اٹھائے اور کہا کہ کیا یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے۔

دی کوئنٹ کے مطابق؛کئی دوسرے  لوگوں نے ٹوئٹ کر کے کھانے کے ان پیکٹ کو بانٹے جانے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بتایا۔کھانے کے یہ پیکٹ نوئیڈا سیکٹر 15 کے کلب کیمپس کے باہر بانٹے گئے۔اس پارلیامانی سیٹ سے مرکزی وزیر مہیش شرما الیکشن لڑ رہے ہیں۔

اے بی پی نیوز کے مطابق؛ اس پر نوئیڈا کے سینیئر پولیس افسر ویبھو کرشنا نے صفائی دیتے ہوئی کہا کہ پولیس اہلکاروں کے بیچ فوڈ پیکٹ کسی سیاسی پارٹی کے ذریعے بانٹے جانے کی خبر بالکل غلط ہے۔ انھوں نے کہا کہ فوڈ پیکٹ  نمو فوڈ شاپ سے خریدا گیا،کسی سیاسی جماعت نے نہیں دیا۔کرشنا نے بتایا کہ انتظامیہ نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا ہے کہ فوڈ پیکٹ کسی خاص دکان سے ہی خریدنا ہے۔

انھوں نے لوگوں سے کسی بھی طرح کی افواہ پر توجہ نہ دینے کے لیے کہا ہے۔انھوں نے لوگوں سے حقائق پر یقین کرنے کی اپیل کی ہے۔غور طلب ہے کہ آج اتر پردیش کی 8 لوک سبھا سیٹوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان سیٹوں میں غازی آباد ،گوتم بدھ نگر،مظفر نگر،کیرانہ،سہارن پور،باغپت،بجنور اور میرٹھ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق؛گوتم بدھ نگر میں صبح کے 9 بجے تک 12 فیصدی ووٹنگ ہو چکی ہے۔