رائے گڑھ ضلع کے سارنگڑھ ٹمرلگا علاقے کا معاملہ۔ غیر قانونی کان کنی کی اطلاع پر اسسٹنٹ کلکٹر اپنی ٹیم کے ساتھ پہنچے تھے، جہاں مائننگ مافیا نے ان کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے ان کی کار کو جے سی بی سےکچلنے کی کوشش کی۔ معاملہ درج۔
نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ ضلع میں مائننگ مافیا نے ایک اسسٹنٹ کلکٹر کی کار کو جے سی بی سے کچلکر مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے سنیچر کو یہ جانکاری دی۔اڈیشنل ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھشیک ورما نے بتایا کہ یہ واقعہ سارنگڑھ کے ٹمرلگا کان کنی علاقے میں جمعہ دیر رات ہوا۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طریقے سے پتھر کی کھدائی اور ڈولومائٹ کان کنی کے بارے میں اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کلکٹر کے طور پر رائے گڑھ میں تعینات زیرتربیت آئی اے ایس افسر مینک چترویدی، ڈپٹی-ڈائریکٹر (کان کنی) ایس ایس ناگ اور ایک مائننگ انسپکٹر سارنگڑھ علاقے کے لئے روانہ ہوئے۔
اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ٹمرلگا میں جاری غیر قانونی کان کنی دیکھنے کے بعد وہ تفتیش کے لئے رک گئے۔ تبھی علاقے میں کھدائی کروا رہا امرت پٹیل وہاں پہنچ گیا اور مبینہ طور پر افسروں کو کوئی بھی کارروائی کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ پٹیل نے اپنے ساتھیوں کو بلایا اور جب افسر وہاں سے جانے والے تھے کہ تبھی پٹیل کی ہدایت پر ایک جے سی بی مشین کے ڈرائیور نے چترویدی کی کار کو کچلنے کی کوشش کی۔
دینک بھاسکر کی خبر کے مطابق؛ پوری کارروائی کے دوران سرکاری افسروں کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے ساتھ بدتمیزی بھی کی گئی۔ چندرپور پولیس کے پہنچنے پر ملزم جائے واردات سے بھاگا اور ٹیم نے کان کنی میں لگی گاڑیوں اور مال کو ضبط کر لیا۔جائے واردات سے دس ٹرک، دو جے سی بی مشین، چار موٹرسائیکل، 300 ٹن چونا پتھر اور دھماکہ خیز مواد بر آمد کیا گیا۔
ورما نے بتایا کہ واقعہ میں افسر بال بال بچ گئے لیکن پٹیل نے اس کے بعد مبینہ طور پر ان پر حملہ کر دیا، جس میں چترویدی کو معمولی چوٹ آئی۔ اس کے بعد پٹیل اور اس کے ساتھی وہاں سے بھاگ نکلے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت پٹیل اور دوسروں کے خلاف ایک معاملہ درج کیا گیا ہے اور اس کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔
پتریکا کے مطابق؛ سارنگڑھ کے ٹمرلگا علاقے میں ایڈمنسٹریٹو افسروں پر جان لیوا حملہ کرنے والے امرت پٹیل پر چوری کی بجلی سے غیر قانونی کان چلانے کا الزام ہے۔ بجلی محکمہ نے سارنگڑھ میں پٹیل کے خلاف بجلی چوری کرنے کا معاملہ درج کرایا ہے۔محکمہ کے افسروں کا کہنا ہے کہ ملزم کے ذریعے غیر قانونی کنیکشن سے بجلی محکمہ کو 497450 لاکھ روپے کے ریونیو کا نقصان ہوا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 135 کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں