خبریں

آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہندو تھا: کمل ہاسن

 اس معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے سوموار کو  الیکشن کمیشن میں  شکایت درج کرائی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کمل ہاسن  پر 5 دن کی پابندی لگائی جائے ۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : معروف ایکٹر اور مکل ندھی میم (ایم این ایم ) کے بانی کمل ہاسن نے کہا ہے کہ ، آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہندو تھا۔ غور طلب ہے کہ کمل ہاسن نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے بارے میں بات  کرتے ہوئے یہ بیان دیا ہے۔

ایک انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایسے ہندوستانی ہیں جو برابری والا ہندوستان چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ، میں ایسا اس لیے نہیں بول رہا ہوں کہ یہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے  بلکہ میں یہ بات گاندھی کے مجسمے کے سامنے بول رہا ہوں ۔ آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہندو تھا اور اس کا پورا نام ناتھو رام گوڈسے ہے۔ وہیں سے اس کی (دہشت گردی)  کی شروعات ہوئی ۔

مہاتما گاندھی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کمل ہاسن نے کہا کہ وہ اس قتل کا جواب تلاش کرنے آئے ہیں ۔

قابل ذکر  ہے کہ ایم این ایم چیف کمل ہاسن نے اپنی پارٹی کے امیدوار ایس موہن راج کے لیے عوامی رابطہ مہم  کے دوران  یہ باتیں کہیں ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے اس طرح کا کوئی بیان دیا ہے ، اس سے پہلے 2017 میں ہندوتوا اور اس کی شدت پسندی پر بیان دے کر بھی وہ تنازعہ میں گھر چکے ہیں ۔

واضح ہوکہ  تمل ہفتہ وار میگزین ‘آنندا وکٹن ‘ میں لکھے اپنے ایک مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندو کیمپوں میں دہشت گردی گھس چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائٹ ونگ نے اب اپنی قوت کا مظاہرہ شروع کیا ہے۔ اب کوئی نہیں کہہ سکتا کہ ہندو دہشت گردی کا وجود نہیں ہے۔ یہ ایک حقیقت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہ پہلے ہندو رائٹ ونگ دوسری مذہبی جماعتوں سے تنازعات پر صرف علمی بحث کیا کرتے تھے ، لیکن جیسے ہی یہ طریقہ ناکام ہونے لگا انہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ ہندوؤں میں طاقت کے مظاہرے کی سب اچھی مثال تمل ناڈو کے مذہبی تقریبات میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔

دریں اثنا اس معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) نے سوموار کو  الیکشن کمیشن میں کمل ہاسن کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مہاتما گاندھی کے سلسلے میں ناتھورام گوڈسے کو آزاد ہندوستان کا پہلا ہندو دہشت گرد قرار دینے کی وجہ سے ان پر 5 دن کی پابندی لگائی جائے ۔ بی جے پی رہنما اشونی اپادھیائے نے یہ شکایت درج کرائی ہے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)