سوشل میڈیا پر یہ جانکاری پھیلنے کے بعد اس واقعہ نے فرقہ وارانہ رنگ لے لیا، جس ہاسپٹل میں بچی کا علاج چل رہا تھا، وہاں مقامی لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ 13 تھانہ حلقے میں انٹرنیٹ سروس بند کی گئی۔
نئی دہلی: راجستھان کے جئے پور میں سوموار کی رات کو سات سال کی بچی کے ساتھ ریپ کی مخالفت میں شہر کے کئی حصوں میں مقامی لوگوں نے مظاہرہ کیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مقامی لوگوں نے کئی گاڑیوں میں آگ لگا دی جبکہ گھروں اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس کے مطابق، سوموار کی رات کو ایک نامعلوم شخص بچی کو اس کے گھر کے پاس سے اٹھاکر لے گیا تھا۔
جئے پور کے پولیس کمشنر آنند شریواستو نے کہا، ‘ یہ واقعہ سوموار کو رات 7.30 سے آٹھ بجے کے درمیان اس وقت ہوا، جب موٹرسائیکل سوار ایک شخص بچی کو اٹھاکر لے گیا اور تقریباً دو گھنٹے بعد اس کو اس کے گھر کے پاس چھوڑ گیا۔ اس بیچ اس نے بچی کے ساتھ ریپ کیا۔ لڑکی نے اپنے ماں باپ کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا، جس کے بعد پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی اور معاملہ درج کیا گیا۔ ‘
سوشل میڈیا کے ذریعے یہ جانکاری پھیلنے کے بعد اس واقعہ نے فرقہ وارانہ رنگ لے لیا، جس ہاسپٹل میں بچی کا علاج چل رہا تھا،وہاں مقامی لوگوں نے ہاسپٹل کے باہر مظاہرہ کیا۔ کچھ لوگوں نے مبینہ طور پر گاڑیوں میں آگ لگا دی اور دوسرے فرقے کے لوگوں کے گھروں اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ جئے پور ضلع کے بی جے پی صدر موہن لال گپتا کے ساتھ کچھ ناراض لوگوں نے منگل کی صبح گاڑیوں میں آگ لگا دی اور پتھراؤ بھی کیا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس تھانے کا گھیراؤ بھی کیا اور فوراً کارروائی کی مانگ کی۔
جئے پور کے پولیس کمشنر آنند شریواستو نے بتایا کہ 30 گاڑیاں یا تو تباہ ہو گئیں یا ان میں آگ لگا دی گئی۔ وہیں، ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار دو گنے سے بھی زیادہ ہے۔جئے پور پولیس نے توڑ-پھوڑ کو لےکر ایک اور ایف آئی آر درج کی ہے اور 16 لوگوں کو احتیاطاً حراست میں لیا ہے۔ اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی رپورٹ پر شریواستو نے کہا کہ کچھ غیر سماجی عناصر نے اس کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔
Rajasthan govt gives Rs 5 lakh compensation to kin after minor girl raped in Jaipur
Read @ANI story | https://t.co/xXCdyg8Fx3 pic.twitter.com/Hp7QfdZIii
— ANI Digital (@ani_digital) July 3, 2019
ریاست کے وزیر صحت رگھو شرما نے بچی کی صحت کے بارے میں پوچھ تاچھ کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ بہترین علاج کریں۔ انھوں نے بچی کا مفت علاج کئے جانے کا بھی اعلان کیا۔ وہیں، راجستھان حکومت نے متاثرہ کی فیملی کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔جئے پور پولیس نے ملزم کا پتہ لگانے کے لئے 12 ٹیم تشکیل کی ہے۔ راجستھان آرمس کانسٹبلوری کے علاوہ پولیس کی 6 کمپنیاں کشیدگی والے علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں ۔
کسی بھی طرح کی افواہوں سے بچنے کے لئے جئے پور کے ڈویزنل کمشنر کیلاش چند ورما نے منگل کی دوپہر دو بجے سے بدھ کے 10 بجے تک کے لئے جئے پور کے 13 تھانہ حلقے میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی ہدایت دی تھی۔
Categories: خبریں