خبریں

خریف 2019-20 کی فصلوں کے ایم ایس پی میں معمولی اضافہ،دھان میں صرف 3.7فیصدی کا اضافہ

مرکزی حکومت کے ذریعے دھان کے ایم ایس پی میں 65 روپے فی کوئنٹل،جوار میں 120 روپے فی کوئنٹل اور راگی میں 253 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے۔

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی: حکومت نے اہم خریف فصل دھان کا منیمم سپورٹ پرائس(ایم ایس پی)فصل 2019-20کے لیے 3.7فیصدی بڑھا کر 1815روپے فی کوئنٹل کر دیا ہے۔ایگریکلچر اینڈ فارمرس ویلفیئر کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے بدھ کو یہ جانکاری دی۔دھان کے ایم ایس پی میں 65 روپے فی کوئنٹل،جوار میں 120 روپے کوئنٹل اور راگی کے ایم ایس پی میں 253 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی معاملوں کی کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

وزیر نے مزید کہا کہ 2019-20کے لیےارہر، مونگ اور اڑد دالوں کے ایم ایس پی قیمت بھی بالترتیب:125 روپے،75 روپے اور 100 روپے بڑھائے گئے ہیں۔غور طلب ہے کہ ایم ایس پی وہ قیمت ہے جو مرکزی حکومت کسانوں کو ان کی پیداوار کی ادائیگی کرنے کی گارنٹی دیتی ہے۔

اس کے علاوہ مونگ پھلی میں 200 روپے کوئنٹل اور سویابین میں 311 روپے کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی درمیانی  کپاس کا ایم ایس پی 105 روپے کوئنٹل اور لمبے کپاس کا ایم ایس پی 100 روپے کوئنٹل بڑھایا گیا ہے۔

اس بیچ وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکرنے کہا کہ کابینہ نے مزدوری کوڈ کو منظوری دے دی ہے۔حالانکہ پارلیامنٹ سیشن شروع ہونے کی وجہ سے انھوں نے اس کے بارے میں تفصیلی بیورہ نہیں دیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)