خبریں

بہار: مویشی چوری کے الزام میں 3 لوگوں کا پیٹ-پیٹ‌ کر قتل

الزام ہے کہ تینوں لوگ مویشی چوری کے لئے ایک گھر میں گھسے تھے، تب گاؤں والوں  نے ان کو پکڑ‌کر بےرحمی سے ان کی پٹائی کی۔ معاملے میں اب تک پولیس کسی کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔

(فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)

(فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: بہار کے چھپرا ضلع‎ میں جمعہ کو بھیڑ نے مویشی چوری کے شک میں تین لوگوں کا پیٹ-پیٹ‌کر قتل کر دیا۔ معاملے کی جانکاری ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی لیکن تب تک تینوں کی موت ہو چکی تھی۔حالانکہ ابھی تک اس معاملے کی کسی کی بھی گرفتاری نہیں ہو پائی ہے۔

جانکاری کے مطابق، چھپرا کے بنیاپور علاقے کے نندلال ٹولا میں جمعرات کی رات کو پک اپ سے مویشی  چوری کرنے آنے والے لوگوں کی اطلاع ملی تھی، جس کی وجہ سے گاؤں والے جمع  ہو گئے اور تین لوگوں کو پکڑ لیا جبکہ ان کا چوتھا دوست بھاگنے میں کامیاب رہا۔

اس کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے بنا پولیس کو اطلاع دئے خود ان پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔ بےرحمی سے پٹائی کئے جانے کی وجہ سے تینوں کی موت ہو گئی۔گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ یہ چاروں شخص کسی کے گھر میں مویشی چرانے کے لیے گھسے تھے،تبھی ان کو پکڑ لیا گیا۔اس کے بعد سبھی نے مل کر ان کی پٹائی کر دی،جس کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔

گاؤں والوں نے پک اپ گاڑی ضبط کر لی اور اس کو پولیس کے حوالے کر دیاہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

نیوز 18 کی ایک خبر کے مطابق؛مرنے والےمرنے والوں کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ چوری کے معاملوں میں ملوث نہیں تھے اور ان کو سازش کے تحت مارا گیا ہے۔ اس بیچ مرنے والوں کے رشتہ دار صدر ہاسپٹل پہنچ‌کر ہنگامہ کرنے لگے۔ ناراض  رشتہ داروں نے پولیس کو نشانہ بنایا جس کے بعد لاٹھی چارج بھی کی گئی۔سارن کے ایس پی ہرکشور رائے بھی موقع پر پہنچ‌کر معاملے کی تفتیش کر رہے  ہیں۔