خبریں

پرنئے اور رادھیکا رائے کو ملک سے باہر جانے سے روکا گیا، این ڈی ٹی وی نے کہا-میڈیا کو ڈرانے کی کوشش

این ڈی ٹی وی کے بانیوں کو سی بی آئی کے لک آؤٹ سرکلر کی بنیاد پر جمعہ کی شام ممبئی ہوائی اڈے پرملک سے باہر جانے سے روکا گیا۔ این ڈی ٹی وی نے کہا،یہ کارروائی میڈیا کو وارننگ ہے کہ وہ ان کے پیچھے چلے یا نتیجہ بھگتے۔

Prannoy-Roy-NDTV

نئی دہلی: این ڈی ٹی وی کے بانی پرنئے رائے اور ان کی بیوی رادھیکا رائے کو جمعہ کو ممبئی ہوائی اڈے پر ملک سے باہرجانے سے روک دیا گیا۔ سی بی آئی کی طرف سے جاری’احتیاطی’لک آؤٹ سرکلر(ایل او سی) کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔وہیں این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی میڈیا والوں کو وارننگ ہے۔ چینل کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا، ‘ بنیادی حقوق کی پوری طرح سے خلاف ورزی کرتے ہوئے اور میڈیا کو لگاتار شرمناک طریقے سے یہ وارننگ دیتے ہوئے کہ پوری طرح سے سرِخم تسلیم  سے کم انھیں کچھ بھی منظور نہیں ہے۔ ‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ دونوں نیروبی جا رہے تھے۔ این ڈی ٹی وی کی طرف سے بتایا گیا کہ ان دونوں کو’سی بی آئی نے دو سال پرانے بد عنوانی کے ایک فرضی اور بے بنیاد معاملے کے بنیاد پر روکا ہے۔ ‘

وہیں، دلہلی میں سی بی آئی افسروں نے کہا کہ آئی سی آئی سی آئی بینک سے جڑے مبینہ دھوکہ دھڑی سے متعلق معاملے میں جون میں دونوں کے خلاف احتیاط کے طورپر نگرانی کی نوٹس (ایل او سی) جاری کی گئی تھی۔افسروں نے بتایا کہ دونوں کو اسی نوٹس کی بنیاد پر ملک چھوڑنے سے روکا گیا ہے۔واضح ہو کہ ایل او سی کسی فرد کو ملک چھوڑنے سے روکنے کے مقصدسے جاری کیا جاتا ہے۔ ایجنسی اس کی بنیاد پر متعلقہ فردکو باہر جانے سے روک سکتی ہیں، لیکن اس کے تحت اس کو حراست میں نہیں لیا جا سکتا۔

افسروں نے کہا کہ یہ ایل او سی صرف دونوں کو ملک چھوڑنے سے روکنے کے لئے ہے، حراست میں لینے کے لئے نہیں۔ادھر این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ان کے پرموٹرس کو ایسا فرضی اور بے بنیاد بد عنوانی کے معاملے کو بنیاد بناکر روکا گیا ہے جو سی بی آئی نے دو سال پہلے ان کی کمپنی کے ذریعے آئی سی آئی سی آئی بینک سے لئے گئے ایک لون کو لےکر درج کیا تھا جو وقت سے پہلے سود سمیت پوری طرح واپس کر دیا گیا تھا۔

چینل کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس معاملے کو این ڈی ٹی وی کے بانیوں اور ان کی کمپنی کے ذریعے دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج دیا گیا جہاں یہ معاملہ دو سال سے زیر التوا ہے۔دونوں پرموٹرس غیرملکی سفر سے 16 اگست کو لوٹنے والے تھے۔ چینل کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں رادھیکا اور پرنئے رائے پوری طرح تعاون کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس نے کہا کہ وہ لگاتار ملک سے باہر آتے-جاتے رہے ہیں، ایسے میں یہ اشارہ دینا، کہ ان کا باہر جانا خطرناک ہو سکتا ہے، مضحکہ خیز ہے۔

این ڈی ٹی وی نے یہ بھی کہا کہ افسروں کے ذریعے جمعہ کو کی گئی کارروائی کے بارے میں نہ اس عدالت کو جانکاری دی گئی، جہاں یہ معاملہ زیر التوا ہے، نہ ہی رائے فیملی کو۔چینل کی طرف سے اس کوبنیادی حقوق کی خلاف ورزی بتاتے ہوئے کہا گیا،’میڈیا مالکوں پر چھاپوں کے ساتھ یہ کارروائی میڈیا والوں کو ایک وارننگ ہے کہ وہ ان کے پیچھے چلے یا نتیجہ بھگتے۔ ‘قابل ذکر ہےکہ مبینہ بینک دھوکہ دھڑی معاملے میں دو سال پہلے جون 2017 میں پرنے رائے کے گھروں پرسی بی آئی نے چھاپےماری کی تھی۔ تب ایک نجی بینک کو فراڈ کرکے نقصان پہنچانے کے الزام میں سی بی آئی نے رائے کے دہلی اور دہرادون واقع رہائش گاہ پر چھاپے مارے تھے۔

این ڈی ٹی وی نے تب کہا تھا کہ سی بی آئی پرانے الزامات کو بنیاد بناکر این ڈی ٹی وی اور چینل کے پرموٹرس کو پریشان کر رہی ہے۔اس کے بعد گزشتہ جون مہینے میں سیبی نے پرنئے رائے اور رادھیکا رائے پر پونجی بازار میں دو سال تک کے لئے  پابندی لگادی تھی۔ ساتھ ہی اس مدت تک کے لئے دونوں پرموٹرس کو کمپنی کے اعلیٰ انتظامیہ یا بورڈ کی رکنیت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)