بی جے پی کے سینئر رہنما بابولال گور 23 اگست، 2004 سے 29 نومبر 2005 تک مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ رہے اور اپنی روایتی گووندپورا اسمبلی سیٹ سے 10بار انتخاب جیتے تھے۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر رہنما بابولال گور کا بدھ کی صبح ایک پرائیویٹ ہاسپٹل میں انتقال ہو گیا۔ وہ 89 سال کے تھےاور لمبے وقت سے بیمار چل رہے تھے۔ ‘ نرمدا ہاسپٹل ‘ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجیش شرما نے بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو ا۔ وہ عمر سے متعلق بیماریوں سے جوجھ رہے تھے اور کچھ وقت سے ہاسپٹل میں بھرتی تھے۔
بی جے پی کے سینئر رہنما گور 23 اگست، 2004 سے 29 نومبر 2005 تک مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ رہے اور اپنی روایتی گووندپورا اسمبلی سیٹ سے 10بار انتخاب جیتے تھے۔بابولال گور کی پیدائش 2 جون 1930 کو اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں ہوئی تھی۔
نوبھارت ٹائمس کے مطابق ،بابلال گور نے بھوپال کی پٹھا مل میں مزدوری کرتے ہوئے اپنی پڑھائی پوری کی۔ بھیل میں نوکری کرنے کے دوران وہ کئی مزدور تحریکوں سے جڑے۔ وہ ہندوستانی مزدور یونین کے بانی ممبر بھی رہے۔ اسکولی دنوں سے ہی بابولال گور سنگھ کی شاخا جایا کرتے تھے۔گور نے 1974 میں بھوپال کی گووندپورا سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پرانتخاب جیتا اور یہیں سے ان کے سیاسی سفر کی شروعات ہوئی۔ 1974 کے بعد سے وہ لگاتار یہاں سے انتخاب جیتتے رہے۔
وہ مارچ 1990 سے 1992 تک مدھیہ پردیش حکومت میں قانون اور قانون سازی کے امور، پارلیامانی امور، عوامی رابطہ، شہری فلاح و بہبود، شہری رہائش اور بازآبادکاری اوربھوپال گیس ٹریجڈی ریلیف منسٹر رہے۔
Categories: خبریں