معاملہ بہار کے گیا ضلع کا ہے۔ نامعلوم لوگوں کے ذریعے مبینہ طور پر نابالغ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کیے جانے کے بعد جب اس کی ماں انصاف مانگنے پنچایت میں پہنچی تو متاثرہ کو ہی قصوروار قرار دےکر اس کاسر منڈواکر اس کو گاؤں میں گھمایا گیا۔
نئی دہلی: بہار کے گیا ضلع میں مبینہ طور پر گینگ ریپ متاثرہ کا سر منڈواکر اس کو پورے گاؤں میں گھمائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، نامعلوم لوگوں کے ذریعے نابالغ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کئے جانے کے بعد جب اس کی ماں انصاف مانگنے پنچایت میں پہنچی تو متاثرہ کو ہی قصوروار قرار دےکر اس کے سر کے بال منڈواکر اس کو گاؤں میں گھمایا گیا۔
اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے تغلقی فرمان سنانے والی پنچایت کمیٹی کے تین ممبروں کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے ایک افسر نے سوموار کو بتایا کہ 14 اگست کی شام موہن پور تھانہ حلقہ کے ایک گاؤں کی رہنے والی 15 سال کی نابالغ کا کار میں سوار چھے لوگوں نے اغوا کر لیا۔الزام ہے کہ ان سبھی چھے لوگوں نے لڑکی کے ساتھ ریپ کیا اور اس کے بعد فرار ہو گئے۔
متاثرہ نے وومین پولیس اسٹیشن میں 25 اگست کو ایف آئی آر درج کرائی اور کہا کہ واقعہ کے بعد متاثرہ بےہوش ہو گئی تھی اور دوسرے دن کسی نے متاثرہ کو دیکھا اور اس کی اطلاع اس کے گھر والوں کو دی۔ متاثرہ نے ایک ملزم کی پہچانکر لی ہے۔متاثرہ کی ماں کا الزام ہے کہ جب وہ اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کے لئے 21 اگست کو پنچایت میں حاضر ہوئی تب پنچایت کے لوگوں نے متاثرہ کو ہی غلط ثابت کرتے ہوئے اس کا سرمنڈواکرگاؤں میں گھمایا۔
انہوں نے کہا کہ پنچایت کے لوگوں نے پولیس کے پاس نہیں جانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ حالانکہ متاثرہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کسی طرح پولیس کے پاس پہنچی اور پوری بات بتائی۔گیا کے وومین پولیس اسٹیشن کی انچارج روی رنجنا نے سوموار کو بتایا کہ متاثرہ کے بیان پر گینگ ریپ کے معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور متاثرہ کو میڈیکل جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ درج ایف آئی آر میں ایک آدمی کو نامزد جبکہ دیگر پانچ لوگوں کو ملزم بنایا گیا ہے۔ پولیس ملزمین کی گرفتاری کے لئے چھاپےماری کر رہی ہے۔گیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) منجیت کمار نے بتایا کہ پنچایت میں موجود لوگوں کے خلاف موہن پور تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، جس میں پنچایت کے ممبروں کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں سوموار کو تین ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دیگرملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماری کی جا رہی ہے۔
Categories: خبریں