خبریں

سال 19-2018 میں 71542 کروڑ روپے کا بینک فراڈ ہوا: ریزرو بینک

ریزرو بینک کے ذریعے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق، سال 2018-19 میں 71542.93کروڑ روپے کے بینک فراڈ کے 6801 معاملے سامنے آئے۔ سال 2017-18 میں فراڈ کی رقم 41167.04کروڑ روپے تھی۔

(فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

(فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ سال بینکوں کے ذریعے بتائے گئے  فراڈ کے معاملوں میں سالانہ  15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دھوکہ دھڑی کی رقم 73.8 فیصد بڑھ‌کر 71542.93کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ آر بی آئی کی سالانہ رپورٹ میں یہ اعداد و شمار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2018-19 میں بینکنگ سیکٹر نے 71542.93 کروڑ روپے کی دھوکہ دھڑی کے 6801 معاملوں کو رپورٹ کیا۔ اس سے پہلے مالی سال 2017-18 میں یہ اعداد و شمار 5916 معاملوں کا تھا اور اس میں دھوکہ دھڑی کی رقم 41167.04کروڑ روپے تھی۔

سال 2018-19  میں پبلک سیکٹر کے بینکوں میں دھوکہ دھڑی کے سب سے زیادہ معاملے دیکھنے کو ملے۔ اس کے بعد پرائیویٹ سیکٹر کے بینکوں اور غیر ملکی بینکوں کا مقام رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھوکہ دھڑی ہونے اور بینکوں میں اس کا پتہ لگنے کے بیچ کی اوسط مدت 22 مہینے رہی ہے۔ وہیں بڑے دھوکہ دھڑی کے معاملوں، یعنی 100 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ کی دھوکہ دھڑی کے معاملوں کے ہونے اور ان کا پتہ لگنے کا وقت اوسطاً 55 مہینے کارہا ہے۔

اس دوران 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی دھوکہ دھڑی کی رقم 52200 کروڑ روپے رہی ہے۔ سب سے زیادہ دھوکہ دھڑی کے معاملے پیشگی رقم سے جڑے رہے ہیں۔ اس کے بعد کارڈ، انٹرنیٹ اور جمع رقم سے جڑے دھوکہ دھڑی کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ سال 2018-19 میں کارڈ، انٹرنیٹ اور جمع رقم سے جڑے دھوکہ دھڑی کی رقم کل دھوکہ دھڑی کے سامنے محض 0.3 فیصد رہی ہے۔

اس کے علاوہ ریزرو بینک نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ ملک میں چلن میں موجود کرنسی 17 فیصدی بڑھ‌کر 21.10 لاکھ کروڑ روپے پر پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ گھریلو مانگ کم ہونے سے اقتصادی سرگرمیاں سست پڑی ہیں اور معیشت کو رفتار دینے کے لئے نجی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔

بتا دیں کہ آر بی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے 11 مالی سالوں میں 2.05 لاکھ کروڑ روپے کی بھاری رقم کی بینکنگ دھوکہ دھڑی کے کل 53334 معاملے درج کئے گئے۔ اس سے پہلے 2008-09 میں 1860.09  کروڑ روپے کے 4372 معاملے سامنے آئے۔ اس کے بعد 2009-10 میں 1998.94 کروڑ روپے کے 4669 معاملے درج کئے گئے۔ 2015-16 میں 18698.82کروڑ روپے کے 4693 معاملے اور 2016-17 میں 23933.85 کروڑ روپے کی قیمت کے 5076 معاملے سامنے آئے۔

یہ اعداد و شمار اس لئے قابل ذکر ہیں کیونکہ پچھلے کچھ سالوں میں بینک دھوکہ دھڑی کے کئی بڑے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ان میں بھگوڑے کاروباری نیرو مودی اور شراب کاروباری وجئے مالیا سے جڑے معاملے بھی شامل ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)