خبریں

مغربی بنگال: بچہ چوری کے شک میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ‌کر قتل، ایک گرفتار

آسنسول میں بچہ چور ہونے کے شک میں بھیڑ نے ایک شخص کو پیٹ پیٹ‌کر اس کی جان لے لی، وہیں کوچ بہار میں بھیڑ نے ایک ذہنی طور پر معذور شخص کی بچہ چوری کے شک میں پٹائی کی، جس کو پولیس کے ذریعے بچایا گیا۔

Asansol

نئی دہلی: مغربی بنگال کے آسنسول میں بچہ چور ہونے کے شک میں ایک شخص کو پیٹ پیٹ‌کر اس کی جان لے لی گئی۔ وہیں کوچ بہار ضلع کے دنہاٹا میں بھیڑ نے بچہ چوری کے شک میں ایک ذہنی طور پر معذور شخص کو پیٹا۔پولیس نے بتایا کہ آسنسول میں ہوئے معاملےمیں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور کچھ دیگر کو اس  میں شامل ہونے کے شک میں حراست میں لیا گیا ہے۔مغربی بنگال اسمبلی میں 30 اگست کو بھیڑ کے حملے کے متعلق  ایک بل منظور ہونے کے بعد پندرہ دن سے  بھی کم وقت میں یہ واقعہ ہوا ہے۔ بل میں بھیڑ کے حملے میں کسی شخص کے زخمی ہونے پر قصورواروں کو عمر قید اور موت ہونے پر قصورواروں کے لئے موت کی سزا تک کا اہتمام کیا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پولیس کے مطابق مغربی بردوان میں آسنسول کے سالن پور گاؤں میں بچہ چوری کی افواہ چل رہی ہے۔ منگل کو صبح 6 بجے مقامی لوگوں نے ایک شخص کو اس علاقے میں گھومتے ہوئے دیکھا اور اس کو بچہ چور سمجھ‌کر پیٹنے لگا۔آسنسول درگاپور پولیس کمشنریٹ کے افسروں کے مطابق بھیڑ نے 35 سے 40 سالہ نامعلوم شخص کو کھمبے سے باندھ دیا اور بچہ چور ہونے کے شک میں اس کو پیٹا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں اس کو کھول دیا گیا اور بھیڑ نے ایک بار پھر اس کی پٹائی کی۔

افسروں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد بھاری تعداد میں پولیس اہلکار کو موقع پر بھیجا گیا جنہوں نے اس شخص کو بھیڑ سے بچایا۔ ہاسپٹل میں اس کی موت کا اعلان کیا گیا۔ اس شخص کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، ‘اب تک اس شخص کی پہچان نہیں ہو سکی ہے۔ ہم نے واقعہ کے وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور کچھ دیگر کو حراست میں لیا ہے۔ ‘

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے میں چھان بین شروع کر دی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں مغربی بنگال میں بچہ چوری کی افواہ پر ہوئے ایسے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ منگل کو ہی کوچ بہار کے دنہاٹا کے بورو اتیاباڑی گاؤں میں 32 سالہ ذہنی طور پر معذور شخص ایک دکان کے باہر گھوم رہا تھا، جس کو گاؤں والوں نے بچہ چور سمجھا اور ہاتھ پیر باندھ‌کر اس کو پیٹا۔

حالانکہ پولیس کی ٹیم اس کو بچانے میں کامیاب ہوئی اور اس کو دنہاٹا کے ہاسپٹل میں داخل  کروایا۔ دنہاٹا تھانہ کے ایک افسر نے بتایا،’ہم معاملے کی جانچ‌کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی ہم ایسی افواہوں کے خلاف علاقے میں بیداری پھیلانا بھی جاری رکھیں‌گے۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)