الزام ہے کہ پشوپتی ناتھ مندر میں ہر شام گنگا آرتی کرنے والے باگمتی آرتی پریوار نے 30 اگست سے راشٹرگان بجانا شروع کیا، لیکن تین ستمبر سے اس کو بند کر دیا۔ پشوپتی ایریا ڈیولپمنٹ ٹرسٹ نےان کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
نئی دہلی: نیپال کے مشہور پشوپتی ناتھ مندر کے افسر آرتی سے پہلے راشٹرگان نہ بجانے پر ‘ باگمتی آرتی پریوار ‘ کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں کیونکہ حکومت نے آرتی سے پہلے راشٹرگان بجانا لازمی کر دیا ہے۔ دی ہمالین ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، مندر کا مینجمنٹ دیکھنے والے پشوپتی ایریا ڈیولپمنٹ ٹرسٹ (پی اے ڈی ٹی) نے باگمتی آرتی پریوار کو آرتی سے پہلے راشٹرگان نہ بجانے پر کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
باگمتی آرتی پریوار پچھلے 12 سال سے پشوپتی ناتھ مندر میں ہر شام گنگا آرتی کرتی آ رہی ہے۔ یہ آرتی مندر کے پاس واقع باگمتی ندی کے کنارے کی جاتی ہے۔ نیپال کے کلچر،ٹوریزم اور سول ایویشن وزیر یوگیش بھٹارائی نے گزشتہ 26 اگست کو ہدایت دی تھی کہ آرتی سے پہلے راشٹرگان بجایا جانا چاہیے۔بھٹارائی پشوپتی ایریا ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے صدر بھی ہیں۔
الزام ہے کہ باگمتی آرتی پریوار نے ہدایت کے مطابق 30 اگست سے راشٹرگان بجانا شروع کر دیا، لیکن تین ستمبر سے اس کو بند کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق، پی اے ڈی ٹی کے ممبر سکریٹری پردیپ ڈھاکل نے کہا، ‘ اگر ہماری ہدایت پر عمل نہیں کیا جاتا تو ہم مندر میں باگمتی آرتی پریوار کی آرتی کرنے پر پابندی لگا دیںگے۔ ‘
پی اے ڈی ٹی نے پریوار کو اپنے دفتر میں طلب کیا ہے۔ ڈھاکل نے کہا، ‘ ہم نے ابھی ان کی (پریوار) بات نہیں سنی ہے۔ اگر وہ ہماری ہدایت کو مسلسل نظر انداز کریںگے تو ہم ان کو ممنوعہ قرار دیںگے اور ان کی جگہ خود آرتی کریںگے۔ ‘ وہیں، پریوار نے کہا کہ اس نے تنقید کی وجہ سے آرتی سے پہلے راشٹرگان بجانا بند کر دیا۔
باگمتی آرتی پریوار کے نائب صدر باسودیو شاستری نے کہا، ‘ جہاں آرتی کی جاتی ہے، اس کے پاس ہی شمشان گھاٹ ہے۔ راشٹرگان بجانے سے وہاں آنے والے سوگوار لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے کیونکہ راشٹرگان بجنے پر ہر کسی کا کھڑا ہونا ضروری ہے۔ لوگوں کے ایک طبقے کی طرف سے اس کی (راشٹرگان بجانے) تنقید ہو رہی ہے۔ ‘
حالانکہ، پی اے ڈی ٹی کی صدارت کرنے والے وزیر بھٹارائی نے یہ واضح نہیں کیا کہ آرتی سے پہلے راشٹرگان کیوں بجایا جانا چاہیے؟ دی ہمالین ٹائمس سے بات چیت میں پی اے ڈی ٹی کے ایک افسر نے بتایا کہ 12 اگست کو مندر میں آرتی دیکھنے کے لئے جمع بھیڑ کو دیکھنے کے بعد وزیر نے یہ حکم دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ وزٹ نیپال 2020 ‘ پروگرام سے پہلے وزیر نے اس کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت دی تھی کہ گنگا آرتی کا یوٹیوب کے ذریعے لائیو براڈ کاسٹ کیا جائے اور آرتی سے پہلے راشٹرگان بجایا جائے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں