وزارت خزانہ کے ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس میں آر ٹی آئی داخل کرکے سیاسی پارٹیوں کو چندہ دینے کے دوران پہچان کی رازداری بنائے رکھنے کے بارے میں چندہ دینے والوں کے ذریعے لکھے گئے خط اور الیکٹورل بانڈ اسکیم کے ڈرافٹ کی کاپی کے بارے میں جانکاری مانگی گئی تھی۔
نئی دہلی: سینٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے گزشتہ منگل کو وزارت خزانہ کے ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس کو ہدایت دی کہ وہ ڈپارٹمنٹ آف فنانشیل سروس اور الیکشن کمیشن سے بات چیت کرکے سیاسی پارٹیوں کو چندہ دینے والوں کے بارے میں آر ٹی آئی قانون کے تحت جانکاری مہیا کرائیں۔ آر ٹی آئی کارکن وینکٹیش نایک نے سات جولائی 2017 کو مرکز کے ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس میں آر ٹی آئی داخل کر کے سیاسی پارٹیوں کو چندہ دینے کے دوران شناخت کی رازداری قائم رکھنے کے بارے میں چندہ دینے والوں کے ذریعے لکھے گئے خط یا عرضی یا گزارش کے بارے میں جانکاری مانگی تھی۔
نایک نے الیکٹورل بانڈ اسکیم کے ڈرافٹ کی کاپی بھی مانگی تھی۔ حالانکہ محکمہ نے ان دونوں پوائنٹس پر کوئی جانکاری نہیں دی۔ اس کے بعد درخواست گزار نے 17 اگست 2017 کو پہلی اپیل دائر کی۔ پہلے اپیلٹ افسر نے نایک کے آر ٹی آئی کو ڈپارٹمنٹ آف فنانشیل ، الیکشن کمیشن اور ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس کے کوآرڈینشن سیکشن کو ٹرانسفر کرنے کی ہدایت دی۔
حالانکہ ان تینوں محکمہ جات کے پبلک انفارمیشن افسر نے کہا کہ ان کے پاس آر ٹی آئی کے تحت مانگی گئی جانکاری نہیں ہے اور اس طرح انہوں نے درخواست گزار کو سماعت کاکوئی موقع نہیں دیا۔
ان فیصلوں سے غیر مطمئن ہو کر وینکٹیش نایک نے سی آئی سی کا رخ کیا۔ سی آئی سی میں سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ان کے پاس الیکٹورل بانڈ کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رازداری قائم رکھنے کےبارے میں چندہ دینے والوں کے ذریعے لکھے گئے خط یا عرضی یا درخواست کے بارے میں ان کے پاس کوئی جانکاری نہیں ہے۔
اس کے علاوہ آر بی آئی نے کہا کہ درخواست گزار کے ذریعے مانگی گئی جانکاری ان کے پاس جانکاری نہیں ہے۔ وہیں، ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس کے نمائندہ نے کہا کہ ان کے اپیلٹ اتھارٹی نے ہدایت دی تھی کہ آر ٹی آئی ڈپارٹمنٹ آف فنانشیل سروس اور الیکشن کمیشن کو ٹرانسفر کی جائے۔
انفارمیشن کمشنر سریش چندرا نے کہا، ‘ تمام حقائق کو دیکھنے اور فریقین کو سننے کے بعد کمیشن کو لگتا ہے کہ آر ٹی آئی درخواست کا صحیح طریقے سے جواب نہیں دیا گیا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ اس محکمے کی پہچان کریںگے جس کے پاس اس آر ٹی آئی کے تحت مانگی گئی جانکاری ہے۔ ‘
سی آئی سی نے ڈپارٹمنٹ آف اکانومک افیئرس کو ہدایت دی کہ ڈپارٹمنٹ آف فنانشیل سروس اور الیکشن کمیشن سے کوآرڈینٹ کریں اور چار ہفتے کے اندر درخواست گزار کو جانکاری مہیا کرائیں۔ کمیشن نے اس معاملے کو لے کر ڈپارٹمنٹ آف فنانشیل سروس کو بھی نوٹس جاری کرنے کو کہا ہے۔
Categories: خبریں