ٹماٹر کی قیمت میں بھاری تیزی صرف دہلی میں ہی نہیں بلکہ دیگر ریاستوں میں دیکھنے کو ملی ہے۔
نئی دہلی:ملک کی راجدھانی دہلی میں پیاز کے بعد ٹماٹر کی خردہ قیمت 80 روپے فی کیلو پر پہنچ گئی ہے۔یہ قیمت بدھ (9 اکتوبر)کو دہلی کے بازاروں میں دیکھنے کو ملی ہے۔واضح ہوکہ کرناٹک سمیت پیاز پیدا کرنے والی بڑی ریاستوں میں شدید بارش کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی ہے۔جس سے ٹماٹر کی قیمت بھی اونچائی پر پہنچ گئی ہے۔حالانکہ،گزشتہ ہفتے کے مقابلے پیاز کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے۔وہیں دہلی میں پیاز اب 60 روپے فی کیلو پر چل رہی ہے۔ کاروباریوں کے مطابق،گزشتہ کچھ دنوں میں ٹماٹر مہنگا ہو گیا ہے کیونکہ کئی ریاستوں میں شدید بارش کی وجہ سے اس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ مدر ڈیری کے سفل پر ٹماٹر 58 روپے فی کیلو کے دام پر فروخت کیاجا رہا ہے۔وہیں مقامی دکان دار معیار اور علاقے کے حساب سے ٹماٹر 60 سے 80 رورپے کیلو فروخت کر رہے ہیں۔مرکزی حکومت کے اعدادو شمار کے مطابق،دہلی میں ٹماٹر کی اوسط خردہ قیمت 1 اکتوبر کے 45 روپے فی کیلوگرام سے بڑھ کر بدھ کو 54 روپے فی کیلو گرام ہو گئی ہے۔
اس سے متعلق آزاد پور منڈی کے ایک تھوک دکاندار نے کہا کہ ،’گزشتہ کچھ دنوں میں ٹماٹر کےدام تیزی سے بڑھے ہیں۔کیونکہ پیاز پیدا کرنے والی بڑی ریاستوں میں سیلاب اور شدیدبارش کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرناٹک اور تلنگانہ جیسی جنوبی ریاستوں اور کچھ پہاڑی ریاستوں میں گزشتہ کچھ دنوں میں بارش ہوئی ہے، جس سے فصل کا نقصان ہوا ہے ۔ اس سے سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ ٹماٹر کی قیمت میں بھاری تیزی صرف دہلی میں ہی نہیں بلکہ دیگر ریاستوں میں دیکھنے کو ملی ہے۔اس کے ساتھ دیگر میٹروسٹیز میں بھی ٹماٹر کے دام بڑھے ہوئے ملے ہیں۔حکومتی اعدادوشمار کے مطابق،بدھ کو ٹماٹر کی قیمت کولکاتہ میں 60 روپے فی کیلو،ممبئی میں 54 روپے اور چنئی میں 40 روپے کیلو تھی۔
کوآپریٹو سوسائٹی نافیڈ،این سی سی ایف اور مدر ڈیری کے ذریعہ سے مرکزی حکومت کے ذریعہ پیاز کی سپلائی بڑھانے کی وجہ سے دہلی کے خردہ بازاروں میں پیاز کی قیمت 60 روپے فی کیلوسے نیچے آ گئی ہے۔ واضح ہو کہ یہ کوآپریٹو سوسائٹی23.90 روپے فی کیلو کی سستی شرح پر پیاز فروخت کر رہی ہے۔ حالانکہ،خردہ بازار میں قیمت ابھی بھی زیادہ ہے۔یہ تنظیمیں مرکزی حکومت کے ذریعہ رکھے گئے بفر اسٹاک سے پیاز فروخت کر رہی ہے۔غور طلب ہے کہ بفر اسٹاک کے 56700 ٹن پیاز میں سے 18000 ٹن پیاز کو دہلی سمیت مختلف بازاروں میں اتارا گیا ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں