خبریں

مودی کی ریلی کے لیے پیڑ کاٹنے کی مخالفت پر وزیر ماحولیات بولے-پہلے کیوں نہیں تھی بیداری

وزیر ماحولیات پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی ریلی کے لیے پیڑوں کو کاٹے جانے پر اتنا ہنگامہ کیوں ؟ پہلے بھی وزیر اعظم اور دوسرے رہنماؤں کے لیے پیڑ کاٹے جا چکے ہیں ۔ مجھے حیرت ہے کہ پہلے اس طرح کی بیداری کیوں نہیں تھی ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : وزیر ماحولیات پرکاش جاویڈکر نے وزیر اعظم کی انتخابی ریلی کے لیے پیڑ کاٹے جانے کا بچاؤ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے لیکن اس سے زیادہ پودے بھی لگائے گئے تھے ۔مرکزی وزیر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اپوزیشن پارٹیوں نے الزام لگایا کہ 17 اکتوبر کو ہونے والی مودی کی ریلی کے لیے پونے شہر کے سر پرشو رام کالج کیمپس میں کچھ پیڑوں کو کاٹا گیا ہے ۔ مودی کی ریلی کالج کے میدان میں ہونی ہے۔

جاویڈکر نے یہاں صحافیوں سے کہا ، ہر بار جب ہم پیڑ کاٹتے ہیں تو ہم پہلے سے زیادہ پودے لگاتے ہیں ۔ یہ محکمہ جنگلات کے اصول ہیں۔انہوں نے کہا ، اور مودی کی ریلی کے لیے پیڑوں کو کاٹے جانے پر اتنا ہنگامہ کیوں ؟ پہلے بھی وزیر اعظم اور دوسرے رہنماؤں کے لیے پیڑ کاٹے جا چکے ہیں ۔ مجھے حیرت ہے کہ پہلے اس طرح کی بیداری کیوں نہیں تھی ۔

مہاراشٹر میں کسانوں کی خودکشی کے مدعے پر پوچھے جانے پر انہوں نے کہا ، ہمیں یہ مدعا پہلے کی (کانگریس اور این سی پی ) حکومتوں سے ملا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ، کسانوں  کی خودکشی کے واقعات صرف 5 اضلاع میں ہورہے ہیں کیوں کہ وہاں آبپاشی کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ انہوں نے این سی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور مہاراشٹر کوآپریٹو (پی ایم سی) بینک میں بحران کے لیے یہی ذمہ دار ہیں ۔

مرکزی وزیر نے ہندو مفکر ونایک دامودر ساورکر کو بھارت رتن دیے جانے کی بی جے پی کے مطالبے کاخیر مقدم کیا ۔ غور طلب ہے کہ بی جے پی کی مہاراشٹر  اکائی نے اپنے انتخابی منشور میں ملک کااعلیٰ ترین شہری اعزاز دینے کی مانگ کی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)