خبریں

پانچ سال میں 14500 این جی او کے ایف سی آر اے سرٹیفیکٹ رد کیے گئے: مرکزی حکومت

منسٹر آف اسٹیٹ فار ہوم افیئرس نتیانند رائے نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ 2017-18 کی لازمی سالانہ رپورٹ پیش نہیں کرنے کے لیے ایف سی آر اے کے تحت رجسٹرڈ 1808 تنظیموں  کا رجسٹریشن سرٹیفیکٹ حال ہی میں رد کیا گیا ہے۔

ہندوستانی پارلیامنٹ  (فوٹو : پی ٹی آئی)

ہندوستانی پارلیامنٹ  (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: منسٹر آف اسٹیٹ فار ہوم افیئرس نتیانند رائے نےبدھ کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران تقریباً 14500 تنظیموں  کا رجسٹریشن سرٹیفیکٹ رد کیا گیا ہے۔یہ این جی او فارین کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ(ایف سی آر اے)کے تحت رجسٹر تھے۔ رائے نے ایک سوال کے تحریری  جواب میں یہ جانکاری دی۔

وزیر نے کہا کہ 2017-18 کی  لازمی سالانہ رپورٹ پیش نہیں کرنے کے لیے ایف سی آر اے کے تحت رجسٹرڈ 1808 اداروں کا رجسٹریشن سرٹیفیکٹ حال ہی میں رد کیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کےمطابق،ایف سی آر اے اور اس کے تحت اصول یہ اہتمام کرتے ہیں کہ سبھی ایف سی آر سے این جی او اور ایسوسی ایشن کو وقت پر سالانہ ریٹرن داخل کرنا ہے۔ عمل نہ کرنے والے این جی او کو آن لائن سسٹم کے ذریعے نوٹس اور ریمائنڈرس جاری کیے جاتے ہیں۔

اس کے بعد عمل نہ کرنے والے این جی او کے خلاف رجسٹریشن سرٹیفیکٹ کو رد کرنے جیسی کارروائی بھی کی جاتی ہے۔وزیر نے کہا کہ ملک میں ایف سی آر اے کے تحت رجسٹرڈ این جی او کو 2018-19میں (28 نومبر تک)کل 2,244.77کروڑ روپے اور 2017-18 میں 16,902.41کروڑ روپے حاصل ہوئے ہیں۔

رائے نے ایک سوال کے جواب میں اس بات سے انکار کیا کہ حکومت ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سرگرمیوں کی جانچ کرنے کے لیے کوئی کمیٹی بنا رہی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)