خبریں

نئے سال میں ریل کرایہ اور بنا سبسیڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ، ہوائی جہاز کا ایندھن بھی ہوا مہنگاد

سی پی آئی (ایم)کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے ریل کرایہ اور ایل پی جی سلینڈر کی قیمتوں  میں اضافہ کو لےکر بدھ کو حکومت کی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں مسافر کرایہ بڑھانے کے بعد لوگوں کے ذریعہ معاش پر دوسرا حملہ۔ یہ سب نوکری جانے، اشیائےخوردنی کی بڑھتی قیمتوں اور دیہی آمدنی میں ریکارڈ سطح پر گراوٹ کے درمیان ہو رہا ہے۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: عالمی بازار میں قیمتوں میں تیزی  کی وجہ سے ہوائی جہاز کے ایندھن (اے ٹی ایف) کے دام میں بدھ کو 2.6 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ بنا سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر بھی 19 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔پبلک سیکٹرکی کمپنیوں کی قیمت کے بارے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، دہلی میں ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمت 1637.25  روپے کلولیٹر یعنی 2.6 فیصد بڑھ‌کر 64,323.76 روپے فی کلولیٹر ہو گئی ہے۔

عالمی بازار میں قیمتوں میں تیزی کی وجہ سے شرحوں میں لگاتار دوسرے مہینےمیں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ایک دسمبر کو اے ٹی ایف کے داموں میں معمولی 13.88 روپے کلولیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔اس اضافہ کا بوجھ پہلے سے نقدی بحران کا سامنا کر رہی ایئر لائن کمپنیوں پر پڑے‌گا۔اس کے علاوہ، تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بنا سبسیڈی والے 14.2 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کا دام بھی 695 روپے سے بڑھاکر 714 روپے کر دیا ہے۔

یہ لگاتار پانچواں مہینہ ہے جب ایل پی جی کی قیمت  میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ایل پی جی کی قیمت 2019 سے بڑھائی جا رہی ہے۔ پچھلے پانچ مہینوں میں بنا سبسیڈی والی ایل پی جی کی قیمت 139.50 روپے فی سلنڈر بڑھے ہیں۔وہیں، انڈین  ریلوے نے نئے سال کی سابقہ شام پر ملکی سطح پر کرایہ بڑھانے کااعلان کیا جو ایک جنوری 2020 سے نافذ ہوگا۔ حالانکہ، مضافاتی علاقائی ٹرینوں کو اضافی کرایہ سے باہر رکھا گیا ہے۔

ریلوے کے منگل کو جاری حکم کے مطابق، معمولی غیر ائیرکنڈیشن، غیر مضافاتی علاقائی کرایہ میں ایک پیسہ فی کلومیٹر کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے۔ریلوے کے حکم کے مطابق میل / ایکسپریس غیر ائیرکنڈیشن ٹرینوں کے کرائے میں دو پیسے فی کلومیٹر اور ائیرکنڈیشن زمروں میں چار پیسے فی کلومیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافی کرایہ میں راجدھانی، شتابدی اور دورنتو جیسی پریمیم ٹرین بھی شامل ہیں۔

1447 کلومیٹر کی دوری طے کرنے والی دہلی کولکاتہ راجدھانی ٹرین کے کرائے میں چار پیسے فی کلومیٹر کے حساب سے تقریباً 58 روپے کا اضافہ ہوگا۔ حکم کے مطابق، ریزرویشن اور سپر فاسٹ فیس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی پہلے ہی بک ہو چکے ٹکٹ پر بھی بڑھا ہوا  کرایہ نافذ نہیں ہوگا۔

سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے ریل کرایہ اور ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں  میں اضافہ کو لےکر بدھ کو حکومت کی تنقید کی۔

یچوری نے ٹوئٹ کیا، ‘ مودی حکومت نے سال کی شروعات کی۔ ریلوے میں مسافر کرایہ بڑھانے کے بعد لوگوں کے ذریعہ معاش پر دوسرا حملہ۔ اور یہ سب نوکری جانے، اشیائےخوردنی کی بڑھتی قیمتوں اور دیہی آمدنی میں ریکارڈ سطح پر گراوٹ کے درمیان ہو رہا ہے۔ ‘ انہوں نے دوسرے ٹوئٹ میں ریل کرایہ میں اضافہ کو نئے سال پر مودی حکومت کا تحفہ قرار دیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)