مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھن کھڑ نے کولکاتا میں سائنس میلہ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ مہابھارت میں سنجےنے پوری جنگ کا حال دھرتراشٹر کوسنایا، لیکن ٹی وی دیکھکر نہیں کیونکہ ان کے پاس روحانی نظر تھی۔
نئی دہلی: مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھن کھڑ کا کہنا ہےکہ رامائن کے دنوں میں پشپک ومان (اڑن کھٹولہ)تھا اور ارجن کے تیروں میں جوہری طاقت تھی۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، دھن کھڑ نے منگل کوکولکاتا میں سائنس میلہ کے افتتاح کے دوران یہ کہا، ‘ ہوائی جہاز کا ایجاد 1910 یا1911 میں ہوا تھا لیکن اگر ہم مذہبی کتابوں پر نظر ڈالیں تو رامائن میں ہمارے پاس اڑن کھٹولہ تھا، سجےنے مہابھارت کی پوری جنگ کا حال دھرتراشٹر کو سنایا، لیکن ٹی وی دیکھکرنہیں کیونکہ ان کے پاس روحانی نظر تھی۔ مہابھارت میں ارجن کے تیروںمیں جوہری طاقت تھی۔ یہ دنیا زیادہ دیر تک ہندوستان کی اندیکھی نہیں کر سکتی۔ ‘
انہوں نے کہا کہ سنسکرت کے عظیم رزمیہ مہابھارت میں میدان جنگ سے دور رہکر بھی سنجے نے جنگ کی پوری کہانی دھرتراشٹر کو سنائی تھی۔بنگالی سائنسداں وکاس سنہا نے گورنر کے اس بیان کی تنقیدکی ہے۔انہوں نے کہا، ‘ مجھے لگتا ہے کہ وہ اپنا دماغی توازن کھو رہے ہیں۔ایک سائنسداں کے طور پر مجھے ان جیسے لوگوں کو دیکھکر غصہ آتا ہے،جو اپنے دعووں کو صحیح ثابت کرنے کے لئے رامائن اور مہابھارت کا ذکر کرتے ہیں۔ اس طرح کی بچکانہ باتیں کرنا ایک گورنر کو زیب نہیں دیتی۔ ان کو دوسری چیزوں پردھیان مرکوز کرنا چاہیے۔کوئی انہیں خاموش رہنے کو کہے۔ ‘
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، سائنسداں سندیپ چکرورتی نے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات سے عالمی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی سائنسی ترقی کےوقار کو ٹھیس پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا، ‘ قدیم مصنفین نے اپنے تصور کی بنیاد پریہ تمام چیزیں لکھی تھیں۔ یہ سچ ہے کہ ہندوستان نے قدیم دور میں بہت ترقی کی لیکن اس طرح کے بیانات سے ہماری سائنسی کمیونٹی کی ترقی مسدود ہوتی ہے۔ ‘
معلوم ہو کہ دھن کھڑ کا گزشتہ سال جولائی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی ممتا بنرجی حکومت کے ساتھ تصادم رہا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے لوگوں نے اس طرح کے مضحکہ خیز بیانات دیے ہیں۔ اس سے پہلے تریپورہ کے وزیراعلیٰ بپلو دیب نےکہا تھا کہ مہابھارت کے وقت میں انٹرنیٹ تھا۔
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ دینیش شرما نے کہا تھا کہ سیتا ٹیسٹ ٹیوب بےبی تھیں۔وہیں، حال ہی میں پڈوچیری کی گورنر کرن بیدی نے ایک ویڈیو شیئر کر کےدعویٰ کیا تھا کہ ناسا نے سورج کی آواز ریکارڈ کی ہے اور سوریہ اوم لفظ کا جاپکر رہا ہے۔ حالانکہ یہ ویڈیو ایڈٹیڈ تھا۔
Categories: خبریں