خبریں

پوتن کی آئین بدلنے کی تجویز، روس کے وزیراعظم اور سرکار نے دیا استعفیٰ

روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے آئین میں جن تبدیلیوں کی تجویز دی ہے، اس سے صدر کے عہدے سے ہٹنے کے بعد بھی اقتدار پر ان کی پکڑ مضبوط ہوگی۔ سال 2024 میں پوتن کی مدت کار ختم ہوگی۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: روس ميں صدر کی مجوزہ آئينی تراميم کی راہ ہموار کرنے کے ليے وزير اعظم ديميتری ميدويديف نے اپنے عہدے سے استعفی دے ديا ہے۔ البتہ صدر پوتن نے نئی کابينہ کی تشکیل تک ميدويديف کو کام جاری رکھنے کا کہا ہے۔ روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے آئین میں جن تبدیلیوں کی تجویز دی ہے، اس سے صدر کے عہدے سے ہٹنے کے بعد بھی اقتدار پر ان کی پکڑ مضبوط ہوگی۔ سال 2024 میں پوتن کی مدت کار ختم ہوگی۔

روسی وزير اعظم ديميتری ميدويديف نے صدر ولادیمیر پوتن کو اپنا استعفیٰ پيش کر ديا ہے۔ روسی نيوز ايجنسيوں نے اس پيش رفت کی تصديق کر دی ہے۔ ميدويديف نے پوتن سے ملاقات کے بعد بدھ پندرہ جنوری کو استعفیٰ ديا۔ اطلاع ہے کہ پوتن نے ميدويديف کو ہدايت دی ہے کہ نئی کابينہ کی تشکیل تک وہ ملکی وزارت عظمی کی ذمہ دارياں نبھاتے رہيں۔

روسی وزير اعظم نے يہ قدم صدر کی اس تقرير کے بعد اٹھايا، جس ميں پوتن نے کہا تھا کہ وہ وزير اعظم کی تقرری کے اختيارات پارليامان کو دينے کے ليے آئين ميں ترميم کرنا چاہتے ہيں۔ واضح رہے کہ موجودہ روسی قوانين کے تحت وزير اعظم کی تقرری کا اختيار صرف صدر کے پاس ہے۔ ولاديمير پوتن نے ٹيلی ویژن پر براہ راست نشر کردہ ايک تقرير ميں اس خواہش کا اظہار کيا کہ وہ يہ اختيار پارليامان کو دينے کے ليے آئينی ترميم کے خواہش مند ہيں۔

ديميتری ميدويديف نے استعفے پيش کرتے وقت اپنے بيان ميں کہا کہ وہ اور ان کی کابينہ کے ارکان صدر کو يہ موقع ديں کہ وہ اس حوالے سے تمام تر اقدامات کر سکيں۔ دريں اثنا پوتن نے اپنی تقرير ميں يہ بھی کہا کہ وہ چاہيں گے کہ ديميتری ميدويديف روس کی قومی سکيورٹی کونسل کے نائب سربراہ کی ذمہ داری سنبھاليں۔ اس کونسل کے سربراہ پوتن خود ہيں۔ پوتن نے ملکی آئين ميں تراميم کے ليے ايک ريفرنڈم کے انعقاد کا بھی تذکرہ کيا ليکن فی الحال يہ واضح نہيں کہ يہ کب تک ممکن ہے۔

روس ميں آج ہونے والی اس پيش رفت کے تناظر ميں ايسی باتيں بھی جاری ہيں کہ آئندہ چار سال بعد اپنی چوتھی مدت صدارت کے خاتمے پر شايد پوتن وزارت عظمی کا قلمدان سنبھالنے ميں دلچسپی رکھتے ہيں۔ پوتن صدر اور وزير اعظم کے طور پر دو دہائيوں سے زائد عرصے سے روس پر حکمرانی کرتے آئے ہيں۔ جوزف اسٹالن کے بعد وہ سب سے دير تک برسر اقتدار رہنے والے روسی رہنما ہيں۔

(ڈی ڈبلیو کے ان پٹ کے ساتھ)