خبریں

بہار: لاک ڈاؤن کے دوران ہوئی شادی کی تقریب میں بڑی تعداد میں پہنچے لوگ، معاملہ درج

معاملہ بہار کے مدھوبنی ضلع کے اریر کا ہے۔ سوشل میڈیا پر شادی کی تقریب  کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گاؤں کی پنچایت سمیتی کے ایک ممبر کی شکایت پر گاؤں کے مکھیا سمیت دوسرے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Madhubani-Bihar-map

نئی دہلی:  کو رونا وائرس کے مد نظر ملک گیر لاک ڈاؤن کے بیچ سوشل ڈسٹنسنگ کے ضابطوں  کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بہار کے مدھوبنی ضلع کے اریر تھانہ حلقہ  میں ہوئی  ایک شادی کی تقریب  میں بڑی تعدادمیں لوگ جمع ہوئے۔دی  ہندو کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے میں آئی پی سی، اور دوسری متعلقہ دفعات کے تحت گاؤں کے مکھیا اور دوسرے لوگوں کے خلاف مقامی  پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔

اس تقریب کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ اس ویڈیو میں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی میں بڑی تعداد میں لوگ اکٹھا ہوئے ہیں اور سہرا پہنے دولہا بھی دکھائی دے رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس تقریب میں  گاؤں کے مکھیا اجیت پاسوان اور دوسرے بھی موجود تھے۔ایسا کہا جا رہا تھا کہ یہ شادی  جبراً کروائی جا رہی  تھی، جس کو بہار میں’ پکڑوا وواہ’ کہا جاتا ہے لیکن بعد میں یہ خبر غلط پائی گئی۔گاؤں کے مکھیا اجیت پاسوان نے ایک مقامی صحافی  کو بتایا کہ یہ شادی 27 مارچ کو ہوئی تھی اور گاؤں والوں کی رضامندی کے بعد ہی شادی کی تقریب کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجیت نے جبراً شادی کی کے دعوے سے بھی انکار کیا ہے۔

گاؤں کی پنچایت سمیتی کے ایک ممبر پلٹن پاسوان نے گاؤں کے مکھیا اور دوسرے لوگوں کے خلاف اریر پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شادی آٹھ اپریل 2020 کو ہوئی تھی۔اریر پولیس تھانے کے انچارج راج کشور کمار نے کہا، ‘پلٹن پاسوان کی شکایت اور ہمارے ایک جانچ افسرکی جانچ کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔’

مدھوبنی کےضلع مجسٹریٹ نیلیش دیور نے ٹوئٹ کر کےلوگوں سے گھروں  میں رہنے کے اپیل کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔