ضمانت پانے والے چھ لوگوں میں سے ایک بی جے پی کے سابق ایم پی ہیں۔ کورٹ نے کہا کہ ہر شخص پی ایم کیئرس میں 35000 روپے جمع کرائے گا اور ادائیگی کی تصدیق کورٹ کے سامنے پیش کی جائےگی۔
نئی دہلی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ایک سابق ایم پی اور پانچ دوسرے لوگوں کو اس شرط پر ضمانت دی ہے کہ وہ پی ایم کیئرس فنڈ میں 35000 روپے جمع کرائیں گے اور آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کریں گے۔لائیولاء کی خبر کے مطابق، کورٹ نے کہا کہ ہر شخص پی ایم کیئرس میں 35000 روپے جمع کرائے گا اور ادائیگی کی تصدیق کورٹ کے سامنے پیش کی جائےگی۔
جسٹس انوبھا راوت چودھری نے حکم دیتے ہوئے عرضی گزاروں سے یہ بھی کہا کہ جیل سے چھوٹتے ہی وہ ‘آروگیہ سیتو ایپ’ ڈاؤن لوڈ کریں گے اور کو رونا وباکے بارے میں مرکز اور ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے احکامات پر عمل کریں گے۔ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر راکیش کمار سنہا نے بتایا کہ چھ عرضی گزاروں بی جے پی کے سابق ایم پی سوم مرانڈی، وویکانند تیواری، امت اگروال، حسابی رائے، سنچیہ بردھن اور انوگرہ ا نارائن کو 15 مارچ 2012 کو جھارکھنڈ کے پاکڑ ضلع میں‘ریل روکو’تحریک کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
ریلوے جوڈیشیل مجسٹریٹ نے ریلوے ایکٹ کی دفعہ 174(اے) کے تحت ان لوگوں کو ایک سال کی قید کی سزا دی تھی۔عرضی گزاروں نے اس کے خلاف سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی تھی ، جو خارج ہو گئی تھی۔ بعد میں انہوں نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کر کے سیشن کورٹ کے حکم کو خارج کرنے کی مانگ کی تھی۔ وہ پچھلی فروری سے حراست میں تھے۔
عرضی گزاروں کے وکیل نے کہا کہ ان کے مؤکل اس کورٹ کے ذریعے لگائی جانے والی سبھی شرطوں پر عمل کریں گے۔ وکیل نے کہا کہ عرضی گزارکووڈ 19 وبا سے لڑنے کے لیے بنائے گئے پی ایم کیئرس فنڈ میں کورٹ کے حکم کے مطابق ادائیگی کریں گے۔کورٹ نے ضمانت دیتے ہوئے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ عرضی گزار آدھار کارڈ کی ایک خود سے تصدیق کی ہوئی کاپی اور اپنا موبائل نمبر کورٹ میں جمع کرائیں گے جو کہ اس معاملے کے التوا ہونے تک بنا کورٹ کے حکم کے اس کو بدلیں گے نہیں۔
Categories: خبریں