خبریں

جموں و کشمیر: بی جے پی رہنما، ان کے والد اور بھائی کو گولی مار کر ہلاک کیا، 10 پولیس اہلکار گرفتار

معاملہ شمالی  کشمیر کے باندی پورہ کا ہے۔ جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ بی جے پی کے 27 سالہ سابق  ضلع صدروسیم احمد باری اور ان کے اہل خانہ  کی سکیورٹی میں لگائے گئے 10 پولیس اہلکاروں کو ان کی حفاظت  میں ناکام ہونے کی وجہ سےگرفتار کر لیا گیا ہے۔

بی جے پی کے سابق  ضلع صدر شیخ وسیم احمد باری۔ (فوٹو: ٹوئٹر/DrJitendraSingh)

بی جے پی کے سابق  ضلع صدر شیخ وسیم احمد باری۔ (فوٹو: ٹوئٹر/DrJitendraSingh)

نئی دہلی: شمالی کشمیر کے باندی پورہ  میں بدھ کی  رات کو دہشت گردوں  نے ایک بی جے پی رہنما، ان کے والد اور بھائی کو گولی مارکر ہلاک  کر دیا، جس کے بعد جموں وکشمیر اتھارٹی نے رہنما کی سکیورٹی میں مبینہ  لاپرواہی کے معاملے میں 10 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا ہے۔

جموں وکشمیر کے ڈی جی پی  دلباغ سنگھ نے بتایا کہ دہشت گردوں  نے بی جے پی کے 27سالہ سابق ضلع صدر وسیم احمد باری کو ان کی دکان کے باہر رات تقریباً نو بجے انہیں گولی مار دی، جس میں ان کی موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ  میں باری کے علاوہ ان کے بھائی عمر اور والد بشیر احمد کی بھی موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سائلنسر لگی ریوالور سے گولی ماری۔ انہوں نے بتایا کہ جس جگہ اس واردات کو انجام دیا گیا وہ جگہ تھانے سے محض 10 میٹر دور ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ باری اور ان کی  فیملی کی سکیورٹی میں لگائے گئے 10 پولیس اہلکاروں کو ان کی حفاظت میں ناکام ہونے کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ حملے کے دوران سکیورٹی اہلکار موجود نہیں تھے۔

سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور باندی پورہ کے سابق ایم ایل اے عثمان مجید نے اس واقعہ  پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

بی جے پی رہنما سریندر امبردار نے اس واقعے کی سخت مذمت کی۔ کانگریس اور پی ڈی پی نے بھی اس کی شدید مذمت کی ہے۔وزیر اعظم  نریندر مودی اور بی جے پی صدرجے پی نڈاسمیت پارٹی کے سینئررہنماؤں نے بھی باری اور مارے گئےاہل خانہ کے دوسرےممبروں  کو اپنی تعزیت پیش کی اورکہا کہ ان کی قربانی  رائیگاں  نہیں جائے گی۔

نڈا نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘جموں و کشمیر کے باندی پورہ  میں ایک بزدلانہ  حملے میں ہم نے شیخ وسیم باری، ان کے والد اور بھائی کو گنوا دیا، یہ پارٹی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔’اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے نڈا نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا، ‘میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی قربانی رائیگاں  نہیں جائے گی۔’

بی جے پی کے جنرل سکریٹری  رام مادھو نے کہا کہ کشمیر گھاٹی کے کچھ حصوں میں ہندوستانی، محب وطن  اور بی جے پی کارکن ہونا کبھی آسان نہیں ہوتا۔ کئی لوگوں کو اس کے لیے جان کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا، ‘کشمیر کی دہشت گردی کی تاریخ میں محب وطن  اور قوم پرستوں  کی قربانی کی تازہ کہانی میں وسیم باری، ان کے بھائی اور والد کا نام شمار ہو گیا ہے۔’

مادھو نے باری اور ان کی فیملی  کے قتل  کے بارے میں فیس بک پوسٹ لکھا اور انہیں تعزیت  دی۔انہوں نے کہا کہ ان کا قتل دکھاتا ہے کہ کشمیر گھاٹی میں کن حالات میں بی جے پی کارکن کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ‘جب ہم کہتے ہیں کشمیر ہمارا ہے تو ہمارا یہ مطلب بھی ہوتا ہے کہ تمام کشمیری بھی ہمارے ہیں۔ کچھ گمراہ ہو گئے ہیں۔ ہم انہیں گمراہ ہونے سے بچائیں گے۔ کچھ پر سرکار اور سکیورٹی فورسزکو دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ یہ ہم ان پر چھوڑ دیتے ہیں، لیکن بہت سے ہمارے اور آپ کے جیسے ہیں، انہیں گلے لگاتے ہیں۔’

انہوں نے بی جے پی کے ‘فیڈ د ی نیڈی’ پروگرام کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران کھانا بانٹتے وسیم باری کا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)