واقعہ مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع کے املیا تھانہ حلقہ میں گزشتہ نو جنوری کو رونما ہوا۔ پولیس نے چاروں ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ خاتون کو نازک حالت میں ریوا شہر کے سنجے گاندھی میڈیکل کالج میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں چار نوجوانوں کے ذریعے45 سالہ ایک خاتون سے گینگ ریپ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اتنا ہی نہیں ملزمین نے خاتون کی شرمگاہ میں لوہے کی راڈ ڈال دی تھی۔پولیس نے چاروں ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کی عمر 21 سے 65 سال بتائی جا رہی ہے۔خاتون کے شوہر کا کچھ سال پہلے ہی انتقال ہو گیا تھا۔ یہ واقعہ گزشتہ نو جنوری کی رات مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع کے املیا تھانہ حلقہ کے ایک گاؤں میں ہوا ہے۔
دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، خاتون نے گاؤں کے چوراہے پر چائے کی ایک دکان کھولی ہوئی تھی۔ ان کے 19 اور 17 سال کے دو بیٹے گجرات کے سورت شہر میں کام کرتے ہیں۔نو جنوری کی رات خاتون اور ان کی چھوٹی بہن دکان میں تھیں۔ چاروں ملزم خاتون کے گاؤں کے ہی رہنے والے ہیں۔ملزمین نے ان کی دکان پر پہنچ کر ان سے پانی اور گٹکا مانگا تھا۔
رپورٹ کے مطابق،خاتون کے منع کرنے کی وجہ سے چاروں ناراض ہو گئے اور بندھک بناکر ان کے ساتھ ریپ کیا۔ اتنا ہی نہیں احتجاج کرنے کی وجہ سے ان کے پرائیویٹ پارٹ میں راڈ ڈال دیا۔ خاتون کو نازک حالت میں ریوا شہر کے سنجے گاندھی میڈیکل کالج میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
گرفتار کیے گئے چاروں ملزمین میں سے دو کی پہچان للّو کول اور بھائی لال پٹیل کے طور پر ہوئی ہے۔گزشتہ 10 جنوری کو ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں نے آپریشن کرکےخاتون کے جسم سے راڈ نکالا تھا۔ حالت بگڑنے کے بعد انہیں ریوا کے سنجے گاندھی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
آئی جی ریوا امیش جوگا نے بتایا کہ املیا تھانے میں آئی پی سی کی دفعہ376 (ریپ)، 324(زخمی کرنا)، 452(بنا اجازت گھر میں گھسنا، چوٹ پہنچانے کے لیے حملے کی تیاری)، 34(معمولی ارادے کے ساتھ کیا گیا مجرمانہ کام)کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔
واقعہ کو لےکر کانگریس نے سرکار اور پولیس انتظامیہ کے کام کرنے کے طریقے پر سوال اٹھائے ہیں۔
اس واقعہ پر مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘سیدھی ضلع کے املیا تھانہ حلقہ میں ایک خاتون کے ساتھ ہوئی درندگی اور حیوانیت بےحد شرمسار کرنے والی ہے۔ریاست میں بہن بیٹیوں کے ساتھ ظلم وزیادتی اور درندگی کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں، سرکار اس سمت میں سخت قدم اٹھائے صرف کنیا پوجن سے ہی کام نہیں چلےگا۔’
सीधी जिले के अमिलिया थाना क्षेत्र में एक महिला के साथ घटित दरिंदगी व हैवानियत की घटना बेहद शर्मसार करने वाली है।
प्रदेश में बहन-बेटियों के साथ अत्याचार व दरिंदगी की घटनाएं रुकने का नाम नहीं ले रही है, सरकार इस दिशा में कड़े कदम उठाए सिर्फ कन्या पूजन से ही काम नहीं चलेगा,— Office Of Kamal Nath (@OfficeOfKNath) January 11, 2021
بتا دیں کہ شیوراج سنگھ چوہان نے خواتین کے خلاف جرم کے تئیں بیداری پھیلانے کے لیے سوموار کو ہی سمان ابھیان شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نےواقعہ کے بعد ڈی جی پی وویک جوہری سے بات کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ملزمین پر سخت کارروائی کی جائے۔ ان کےمطابق، پولیس کوہدایت دی گئی ہیں کہ ملزمین کے خلاف طے مدت میں چارج شیٹ تیار کریں۔ مشرا نے کہا کہ معاملہ کورٹ میں اسپیشل ٹرائل کراکر ملزمین کو سخت سزا دلائی جائےگی۔
معلوم ہو کہ گزشتہ تین جنوری کو ایسا ہی ایک واقعہ اتر پردیش کے بدایوں ضلع کے ایک گاؤں میں رونما ہوا۔خاتون سے مندر کے پجاری سمیت تین لوگوں نے مبینہ طور گینگ ریپ کیا اور ان کے بھی پرائیویٹ پارٹ میں لوہے کی راڈ ڈال دی گئی تھی۔ بہت زیادہ خون بہنے سےخاتون کی موت ہو گئی تھی۔
Categories: خبریں