معاملہ گنا ضلع کا ہے۔ پانچ مہینے کی حاملہ خاتون کو شوہر کےچھوڑنے کے بعد ایک دوسرےشخص کے ساتھ رہنے سے ناراض سسرال والوں نے اس سے مارپیٹ کی اور کندھے پر ایک نوجوان کو بٹھا کر تین کیلومیٹر تک برہنہ پاؤں گھمایا۔ معاملے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چار لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے گنا ضلع میں ایک حاملہ خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خاتون کو تین کیلو میٹر ایک نوجوان کو کندھے پر بٹھاکر چلنے کے لیے مجبور کیا گیا۔امراجالا کے مطابق، معاملہ گنا ضلع کے سرسی تھانہ حلقہ کے گرام سانگئی اور بانس کھیڑی گاؤں کا ہے۔ واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معاملے نے طول پکڑا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ خاتون کو اس کے شوہرنے چھوڑ دیا تو وہ ایک دوسرے شخص کے ساتھ رہ رہی تھیں، جس سے ناراض سسرال والوں نے خاتون سے بدسلوکی کی۔سسرال کے لوگوں نے خاتون کے کندھے پر ایک نوجوان کو بٹھاکر تین کیلومیٹر تک اوبڑ کھابڑ راستے پر ننگے پاؤں گھمایا۔ راستے میں خاتون کو لاٹھی ڈنڈے سے پیٹا اور پتھر مارا۔
اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چار لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
#WATCH: A video went viral of a woman who was made to walk in MP's Guna while carrying a boy on shoulders. She had allegedly left her husband for someone else. Angered by this, her relatives also allegedly beat her
"Case registered. 3 of 4 accused arrested," said SP Guna(15.02) pic.twitter.com/LWTE9gwNWy
— ANI (@ANI) February 16, 2021
مقامی پولیس نے بتایا کہ گنا کےایک گاؤں میں خاتون سے بدسلوکی کایہ واقعہ نو فروری کو ہوا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد 15 فروری کو پولیس نے ملزم سسر، جیٹھ اور دیور کے خلاف معاملہ درج کر گرفتار کیا ہے۔
حاملہ خاتون گنا کے بانس کھیڑی گاؤں کی رہنے والی تھی۔متاثرہ نے بتایا،‘دو مہینے پہلے شوہر مجھے سانگئی گاؤں میں ڈیما (جسکے گھر خاتون رہ رہی تھی)کے گھر چھوڑکر اندور چلا گیا۔شوہر نے جاتے وقت کہا تھا کہ اب میں تمہیں نہیں رکھ سکتا، تم ڈیما کے ساتھ ہی رہو۔ بعد میں میرے سسر، جیٹھ کمار سنگھ، کےپی سنگھ اور رتن آئے اور گھر چلنے کے لیے کہا۔ جب میں نے منع کیاتو مجھے پیٹنے لگے۔ میرے کندھے پر گاؤں کے ایک لڑکے کو بٹھا دیا اور سانگئی سے بانس کھیڑی سسرال تک تین کیلومیٹر تک ننگے پیر لے گئے۔’
انہوں نے کہا، ‘میرے پیٹ میں پانچ مہینے کا حمل ہے۔ پھر بھی سسر اور جیٹھ مجھے گھسیٹتے رہے۔ ڈنڈے، پتھر، بلے سے پیروں پر مارتے رہے۔ اس دوران شوہر نے فون کرکے اپنے گھر والوں سے مجھے چھوڑنے کے لیے بھی کہا، لیکن اس کی بھی کسی نے نہیں سنی۔’
گنا ایس پی نے کہا کہ گنا میں گاؤں والوں کے سامنے ایک مردکا ایک خاتون کے کندھے پر سوار ہوکر جلوس نکالنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتاریاں ہوئی ہیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، سرسی تھانہ انچارج راکیش شرما نے بتایا کہ معاملے میں مارپیٹ کی دفعات کے تحت چار لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے اور چاروں لوگ گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
Categories: خبریں