خبریں

شمال-مشرقی دہلی کی جھگیوں میں آگ لگنے سے کم از کم سات افراد ہلاک

شمال-مشرقی دہلی کےگوکل پوری علاقے میں سنیچر  کی صبح آگ لگنے کی جانکاری سامنے آئی۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ سات جلی ہوئی لاشیں برآمد کی گئی ہیں، لگ بھگ 60 جھگیوں کو نقصان پہنچا ہے اور  30 آگ میں جل کر راکھ ہو گئی ہیں۔

دہلی کے گوکل پوری علاقے میں سنیچر کی صبح  آگ لگنے سے لگ بھگ 60 جھگیاں متاثر ہوئی ہیں اور 30 جل کر خاکستر ہو گئیں۔ (فوٹوبہ شکریہ: اے این آئی)

دہلی کے گوکل پوری علاقے میں سنیچر کی صبح  آگ لگنے سے لگ بھگ 60 جھگیاں متاثر ہوئی ہیں اور 30 جل کر خاکستر ہو گئیں۔ (فوٹوبہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: شمال-مشرقی دہلی کے گوکل پوری علاقے کی جھگیوں  میں جمعہ کی دیررات آگ لگنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے ہفتہ کی صبح یہ جانکاری دی۔

دہلی فائر سروس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ گوکل پوری گاؤں کے پلر نمبر 12 کے قریب دیر رات 1.03 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد آگ بجھانے کے لیے 13 فائر ٹینڈر روانہ کیے گئے۔

اہلکار نے بتایا کہ جائے وقوع سے سات لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ لگ بھگ 60 جھگیوں کو نقصان پہنچا اور 30 جھگیاں جل  کر خاکستر ہوگئیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (نارتھ ایسٹ) دیویش کمار مہلا نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع رات تقریباً ایک بجے ملی جس کے بعد پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار موقع پر پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح تقریباً چار بجے آگ پر قابو پایا جاسکا۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، صبح یہ افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ میں خود وہاں جا کر متاثرین سے ملاقات کروں گا۔

دہلی فائر ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے کہا کہ ہلاک شدگان تیزی سے پھیلنے والی آگ سے نہیں بچ سکے کیونکہ وہ سو رہے تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے گرگ کے حوالے سے کہا، جلی ہوئی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ سو رہے ہیں اور بچ نہیں سکتے تھے، کیونکہ آگ بہت تیزی سے پھیلی۔ 60 جھونپڑیاں مکمل طور پر جل گئی ہیں۔ ہمیں ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ روہنی میں فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیموں نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ اس معاملے میں مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)