خبریں

یوپی: وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز بیان بازی کے الزام میں ایس پی ایم ایل اے کے خلاف مقدمہ درج

بریلی ضلع کے بھوجی پورہ سیٹ سے ایم ایل اے شازل اسلام پر الزام ہے کہ انہوں نے سماج وادی پارٹی سے انتخاب میں کامیا ب ہونے والے ایم ایل اے کے لیے منعقد ایک تقریب میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے مبینہ طور پر اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ ہندو یووا واہنی کے ضلع صدر انج ورما نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے اشتعال انگیز بیان دینے کے لیے بریلی ضلع کے بھوجی پورہ اسمبلی حلقہ سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے نومنتخب ایم ایل اے شازل اسلام کے خلاف ایک شخص کی شکایت پرمقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بریلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت سنگھ سجوان نے سوموار کی شام نامہ نگاروں کو بتایا کہ بھوجی پورہ کے ایم ایل اے شازل اسلام، ایس پی ضلع نائب صدر سنجیو کمار سکسینہ اور دیگر کے خلاف ہندو یوا واہنی کے ضلع انچارج انج ورما کی تحریر پر بریلی کے پولیس اسٹیشن بارہ دری میں دفعہ 504 (عوامی امن کی خلاف ورزی)، 506 (دھمکی دینا) اور 153 اے (فسادات بھڑکانے کے ارادے سے اشتعال انگیز بیان دینا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 جمعہ (1 اپریل) کو بریلی کے آکاش پورم میں ایس پی کے ضلع نائب صدر سنجیو کمار سکسینہ کی جانب سے ایس پی سے جیتنے والے ایم ایل اے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ انصاری کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے بریلی ضلع کے نائب صدر سنجیو کمار سکسینہ اور دیگر کو ایف آئی آر میں ملزم بنایا گیا ہے۔

اس تقریب میں شازل اسلام نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ،اگر ان (یوگی) کے منہ سے آواز نکلے گی تو ہماری (ایس پی) بھی بندوقوں سے دھواں نہیں بلکہ گولیاں نکلیں گی۔

تاہم بعد میں صفائی دیتے ہوئے انہوں نے ایک نیوز چینل پر اپنے بیان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا الزام لگایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازل اسلام نے کہا تھا،  پہلے (2017-2022 تک) ہمارے پاس ایم ایل اے کم تھےتوایوان میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نےبہت برا بھلا کہا۔ بس منہ سے گالی نہیں دی، باقی سب کچھ کر دیا۔ لیکن اب ہمارے پاس لوگوں کی اچھی خاصی تعداد ہے اور قومی صدر اکھلیش یادو اپوزیشن لیڈر ہیں، اس لیے اب اگر یوگی آدتیہ ناتھ نازیبابیان دیتے ہیں تو ہم بھی خاموش نہیں بیٹھنے والے ہیں۔ ہم لوگ کرارا جواب دیں گے۔

ایس پی ایم ایل اے نے کہا تھا، ہمارے قومی صدر اکھلیش یادو نے اعلان کردیا ہے کہ ہم سماج وادی لوگ سڑکوں پر بھی لڑیں گے اور ایوان  کے اندر بھی حکومت سے لڑنے کا کام کریں گے۔

انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریشان اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ یوگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا، وہ دن گئے جب ان کی تانا شاہی چلتی تھی۔ اب ایوان میں ایک مضبوط اپوزیشن موجود ہے۔

اسلام نے بعد میں کہا، ایک نیوز چینل نے میرے ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ (ترمیم) کی اور پھر اسے وائرل کر دیا۔ پروگرام میں میں نے کہا تھا کہ مضبوط اپوزیشن ہونے کے ناطے ہر بات کا مضبوطی سے جواب دوں گا، جس طرح بندوق سے گولی نکلتی ہے دھواں نہیں۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)