خبریں

بہار: مبینہ گینگ ریپ کی جانچ  کر رہے افسر نے متاثرہ کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا، گرفتار

پولیس نے کہا کہ گیا کے دیلہا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ایک 23 سالہ خاتون کی جانب سے پانچ لوگوں پر لگائے گئے گینگ ریپ کے الزامات کی تحقیقات کر رہےتھے۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ جب بھی اس نے پولیس اہلکار سے اپنے کیس میں تفتیش کی پیش رفت کے بارے میں پوچھا تو پولیس اہلکارنے جنسی تعلقات قائم کرنے کامطالبہ کیا۔

(السٹریشن بہ شکریہ: آساوری کلکرنی/فیمینزم ان انڈیا)

(السٹریشن بہ شکریہ: آساوری کلکرنی/فیمینزم ان انڈیا)

نئی دہلی: بہار کے گیا میں ایک پولیس اسٹیشن کے تھانہ انچارج (ایس ایچ او) کو متاثرہ  خاتون کی شکایت پر کارروائی کرنے کے لیے جنسی تعلقات کے مطالبہ  کے الزام میں منگل کوگرفتار کیا گیا۔

الزام ہے کہ دیلہا پولیس اسٹیشن گیا کے ایس ایچ او سدھیر کمار نے مبینہ طور پر موبائل فون پر خاتون کو فحش ویڈیو اور پیغامات بھی بھیجے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرپریت کور نے نامہ نگاروں کو بتایا،ملزم پولیس اہلکار متاثرہ کی شکایت پر درج پانچ لوگوں کے خلاف جنسی ہراسانی کے معاملے کی جانچ کر رہا تھا۔ متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ جب بھی اس نے پولیس اہلکار سے اپنے کیس میں تفتیش کی پیش رفت کے بارے میں پوچھا تو پولیس اہلکار نےجنسی تعلقات قائم  کرنے کا مطالبہ کیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، 23 سالہ خاتون کے ساتھ دیلہا پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے ایک گاؤں میں گزشتہ سال مبینہ طور پر گینگ ریپ  کیا گیا تھا۔

اس معاملے میں کمار نے بہار شریف کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی، جہاں اس معاملے کے پانچوں ملزمین کو کلین چیٹ دے  دی گئی تھی۔

کور نے کہا کہ ایس ایچ او متاثرہ کو مسلسل ہراساں کر رہا تھا، اس لیے متاثرہ نے پولیس اہلکار کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ خاتون کی شکایت کی تصدیق کے بعد ایس ایچ او کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

خاتون نے کمار کے ساتھ اپنی بات چیت کی آڈیو ریکارڈنگ بھی فراہم کی تھی۔

کور نے یہ معاملہ گیا کی خواتین تھانہ انچارج روی رنجنا کو سونپ دیا ہے، جنھیں کمار کے خلاف ابتدائی طور پر کافی ثبوت ملے ہیں۔

رنجنا نے کہا، ہم نے متاثرہ سے بات کی ہے اور ملزم پولیس افسر کے ساتھ اس کی آڈیو بات چیت کی تصدیق کی ہے۔ اس نے بات نہ ماننے پر کیس کو خراب کرنے کی دھمکی دی تھی۔

مقامی عدالت نے ملزم کو 14 دنوں کی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔