خبریں

معروف سنتور نواز پنڈت شیو کمار شرما نہیں رہے

پدم شری اور پدم وبھوشن سے سرفراز سنتور نواز پنڈت شیو کمار شرما 1938 میں جموں میں پیدا ہوئے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پہلے موسیقار تھے، جنہوں نےسنتور پر ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دھنیں بکھیریں۔ سنتور جموں و کشمیر کا ایک لوک ساز ہے۔ بانسری نواز پنڈت ہری پرساد چورسیا کے ساتھ ان کی جوڑی کو ‘شیو ہری’ کا نام دیا گیا تھا۔ اس جوڑی نے ‘سلسلہ’، ‘لمحے’ اور ‘چاندنی’ جیسی کئی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔

پنڈت شیوکمار شرما (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

پنڈت شیوکمار شرما (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: سنتور کو دنیا بھر میں پہچان دلانے والے میوزک کمپوزر پنڈت شیو کمار شرما کا منگل کی صبح ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ شرما کی عمر 84 سال تھی۔ وہ ہندوستان کے معروف کلاسیکی موسیقاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے فلموں میں بھی موسیقی ترتیب دی تھی۔

ان کے سکریٹری دنیش نے بتایا کہ شرما کا انتقال ممبئی کے پالی ہل  واقع ان کی رہائش گاہ پر صبح آٹھ  سے ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان ہوا۔ اگلے ہفتے وہ بھوپال میں ایک پروگرام پیش کرنے والے تھے۔ وہ گردے کی بیماری میں مبتلا تھے۔

شرما کے خاندانی ذرائع نے بتایا،انہیں صبح دل کا دورہ پڑا۔ وہ ٹھیک تھے اور اگلے ہفتے ان کا پروگرام بھوپال میں ہونا تھا۔

پسماندگان میں بیوی منورما اور بیٹے راہل اور روہت ہیں۔

شیوکمار شرما کو 1986 میں سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ، 1991 میں پدم شری اور 2001 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔

شرما 1938 میں جموں میں پیدا ہوئے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پہلے موسیقار تھے، جنہوں  نے سنتور پر ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دھنیں بکھیریں۔ سنتور جموں و کشمیر کا ایک لوک ساز ہے۔

جموں و کشمیر کے تقریباً نامعلوم لوک ساز سنتورکو شیوکمار شرما نے کلاسیکی درجہ دیا اور انہیں ستار اور سرود جیسے دیگر روایتی اور معروف موسیقی آلات کے برابرلانے کا سہرا دیا جاتا ہے۔

بانسری نواز پنڈت ہری پرساد چورسیا کے ساتھ شرما کی جوڑی کو ‘شیو ہری’ کا نام دیاگیا تھا۔ دونوں نے ‘سلسلہ’، ‘لمحے’ اور ‘چاندنی’ جیسی کئی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی، جسے لوگوں نے خوب پسند کیا۔

شیوکمار کے بیٹے راہل شرما بھی سنتور نواز ہیں۔

شرما کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے معروف سرود نواز امجد علی خان نے ٹوئٹ کیا، پنڈت شیو کمار شرما جی کی موت سے ایک دور کا خاتمہ ہو گیا۔ وہ سنتور کے ماہر تھے اور ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ یہ میرے لیے ذاتی نقصان ہے اور میں انہیں ہمیشہ بہت یاد کروں گا۔ خدا ان  کی روح کو سکون دے۔ ان کی موسیقی ہمیشہ زندہ رہے گی۔ اوم شانتی۔

شرما کی موت پر وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر نے بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مودی نے کہا، پنڈت شیوکمار شرما جی کی موت سے ہماری ثقافتی دنیا کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے سنتور کو عالمی سطح پر مقبول بنایا۔ ان کی موسیقی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ ان  کے ساتھ ہوئی بات چیت مجھے یاد ہے۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے میری تعزیت۔ اوم شانتی۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیا،معروف سنتور نواز اور بین الاقوامی سطح کے ہندوستانی میوزک کمپوزر پنڈت شیوکمار شرما کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ ان کے انتقال سے ثقافتی دنیا کو نقصان پہنچا ہے۔ میری تعزیت۔

غزل گلوکار پنکج ادھاس، میوزک کمپوزر سلیم مرچنٹ اور اداکارہ شبانہ اعظمی نے بھی شرما کے انتقال پر تعزیت کی۔

اُدھاس نے کہا، ہم نے آج ایک رتن کھو دیا ہے، ان کی روح کو سکون ملے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے شرما کی آخری رسومات کی ادائیگی  کا اعلان کیا ہے۔

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا، پنڈت شیو کمار شرما کی موت کی خبر حیران کن ہے۔ انہوں نے سنتور اور ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کو عالمی سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پنڈت شرما ایک عظیم فنکار، استاد، محقق، مفکر اور سب سے بڑھ کر ایک مہربان انسان تھے۔

انہوں نے مزید کہا، پنڈت شیو کمار شرما نے بہت سے شاگردوں کی رہنمائی کی اور اپنی بیش بہا خدمات سے موسیقی کی دنیا کو مالا مال کیا۔ میں پنڈت شیو کمار شرما کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور پنڈت راہل شرما اور سوگوار کنبہ کے دیگر افراد کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

ان کی آخری رسومات بدھ کی سہ پہر تقریباً 3 بجے پون ہنس کے قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ لوگوں کو صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جوہو میں ان کے بیٹے راہل کے گھر پر آخری ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)